جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے نومبائعین کے چوتھے سالانہ اجتماع کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے مرکز ڈھاکہ میں ۱۹و۲۰؍ جنوری ۲۰۲۴ء کو نومبائعین کا دو روزہ سالانہ اجتماع منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے کُل ۳۰۳؍ حاضری رہی۔
اجتماع کی کارروائی ۱۹؍ جنوری بروز جمعہ صبح ساڑھے نو بجے امیر صاحب بنگلہ دیش کے نمائندہ محمد زاہد الرحمان صاحب نائب امیر بنگلہ دیش کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوئی۔ دعا کے بعد ایڈیشنل سیکرٹری وقف جدید نومبائعین مولانا شاہ محمد نور الامین صاحب نے ’’ایک احمدی کی ذمہ داری کیا ہے؟‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ ایک نظم کے بعد نومبائعین نے اپنا تعارف کروایا اور بیعت کے ایمان افروز واقعات سنائے۔ آخر پر صدر مجلس نے افتتاحی تقریر کی اور دعا سے یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
شام سات بجے تمام شاملین نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا اور اس کے فوراً بعد خطبہ کے حوالے سے نومبائعین سے سوالات کیے گئے اور صحیح جواب دینے والے کو انعام دیا گیا۔
نماز جمعہ کے بعد اور اگلے روز ہفتہ کی صبح تربیتی کلاسز کا انتظام کیاگیا تھا۔ نماز باترجمہ، نوافل، دعا، درود، نظام خلافت، مالی قربانی، ذیلی تنظیمیں و ہماری ذمہ داری اور تبلیغی مسائل پر کلاسز منعقد ہوئیں۔ نومبائعین کے لیے ذیابیطس ٹیسٹ کرنے کا بھی انتظام تھا۔
خواتین کے لیے الگ کلاسز کا اہتمام کیا گیا تھا اور مردانہ حصہ میں تربیتی امور پر Interactive نشستیں رکھی گئی تھیں۔ کُل ۴۲؍ جماعتوں سے نومبائعین تشریف لائے تھے۔
مورخہ ۲۰؍ جنوری کو نماز ظہر و عصر جمع کرکے ادا کرنے کے بعد اجتماع کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد شریف الحکیم صاحب سیکرٹری اجتماع کمیٹی نے سب حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب بنگلہ دیش نے اختتامی تقریر کی اور پھر دعا سے یہ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ الحمد للہ
(رپورٹ: نوید احمد لیمن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)