ہیگ، ہالینڈ کی مسجد مبارک میں نئے سال کے موقع پر ایک تبلیغی تقریب
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۲؍جنوری ۲۰۲۴ء بروز جمعۃالمبارک ہالینڈ کی پہلی مسجد، مسجد مبارک میں نئے سال کے موقع پر ایک تبلیغی تقریب منعقد کی گئی۔ اس پروگرام کے لیے دو ہزار ۵۰۰؍دعوت نامے تقسیم کیے گئے اور سوشل میڈیا کے ذریعہ اس پروگرام کی تشہیر کی گئی۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں جماعت احمدیہ عالمگیر کا تعارف پیش کیا گیا اور ہالینڈ میں جماعت کی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا گیا۔ اس کے بعد مکرم ہبۃ النور فرحاخن صاحب امیر جماعت ہالینڈ نے آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم،جہاد،حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلافت کے حوالے سے اپنی گزارشات پیش کیں اور ہالینڈ میں مذہبی آزادی اور اپنی رائے کے اظہار کی آزادی کو سراہا۔ اس کے بعد ہیگ کے میئر جناب Jan van Zanen نے اپنی تقریر میں نئے سال کے موقع پر جماعت کی طرف سے کیے جانے والے وقار عمل، جماعت احمدیہ کے امن کے پیغام اور مسجد مبارک کے بعض تاریخی پہلوؤں کاذکر کرتے ہوئے انہیں سراہا۔ ۱۸؍سال کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کسی میئر نے مسجد کا دورہ کیا۔ اس کے بعد مسجد کے ہمسائے نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ہمسائیگی میں کبھی بھی شکایت نہیں ہوئی نیز انہوں نے جماعت کی رضاکارانہ خدمات کی تعریف کی۔
دعا کے بعد میئر صاحب کو تحفۃً ایک شیلڈ دی گئی جس پر مسجد مبارک کی تصویر بنی ہوئی تھی۔ نیز مہمانوں کو جماعتی لٹریچر اور پھول بھی دیے گئے۔
اس کے بعد مہمانوں کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ تمام شاملین نے اس پروگرام کے حوالے سے مثبت تاثرات کا اظہار کیا۔ اس پروگرام میں ۱۲۵؍مہمان شامل ہوئے۔ اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے نیک نتائج پیدا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: عدیل باسم۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)