جماعت احمدیہ سوانزی، برطانیہ میں جلسہ سیرت النبیؐ کا بابرکت انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ویسٹ ویلز میں واقع ایک چھوٹے سے شہرمیں قائم چھوٹی جماعتوں کی فہرست میں شامل ساؤتھ ویسٹ ریجن کی جماعت سوانزی کو مورخہ ۴؍فروری ۲۰۲۴ء بروزاتوار شام پانچ بجے جلسہ سیرت النبیؐ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
محمد نعمان صاحب ریجنل امیر کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ بعد ازاں عمر منیر صاحب نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ابتدائی زندگی کے بارے میں تقریر کرتے ہوئے آپؐ کی بچپن ہی میں یتیمی و مسکینی کے باوجود اعلیٰ اخلاق کی بابت تذکرہ کیا۔
ریجنل امیر صاحب نے تمام شاملین کو عموماً اور خدام و اطفال کو خصوصاً جماعتی پروگراموں اور نمازوں میں باقاعدگی سے شرکت کی تلقین کی۔پھر آپ نے اختتامی تقریر میں حضرت مصلح موعودؓ کے حوالہ سے جماعت احمدیہ میں جلسہ سیرت النبیؐ منانےکے پس منظر اور محرک کا ذکر کیا۔
آصف بسرا صاحب صدر جماعت نے تمام حاضرین کا جلسہ میں شرکت کے لیے شکریہ ادا کیا جس کے بعد دعا سے یہ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ جلسہ کے بعد ریجنل امیر صاحب ہی کی صدارت میں جماعت احمدیہ یوکے کی سالانہ مجلس شوریٰ ۲۰۲۴ء کے لیے قواعد کے مطابق سوانزی جماعت کے ایک عدد نمائندہ کا انتخاب بھی عمل میں لایا گیا۔ بعد ازاں شاملین جلسہ کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔اس جلسہ میں کُل ۳۸؍افراد نے شرکت کی۔
(رپورٹ: لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)