مجلس انصار اللہ مسرور ریجن، برطانیہ کے ایک ریفریشر کورس کا انعقاد
مجلس انصار اللہ مسرور ریجن ، برطانیہ کی جانب سے ایک ریفریشر کورس مورخہ ۴؍فروری ۲۰۲۴ء شام پانچ بجے سے لے کر رات نو بجے تک اپسم، لندن میں موجود Wallacefield سکول میں منعقد ہوا ۔
محترم صاحبزادہ مرزا وقاص صاحب صدر مجلس انصار اللہ یوکے کی صدارت میں پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم، عہد اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ایک اقتباس سے ہوا۔
اس کے بعد صدر صاحب نے اپنی تقریر میں کہا کہ سال ۲۰۲۴ء میں مجلس انصار اللہ یوکے کا مرکزی عنوان ’عبادِصالحین‘ ہے۔ اس کے متعلق آپ نے مختلف زاویے بیان کیے اور تلقین کی کہ ہم جو مجلس انصار اللہ کے رکن ہیں ، چاہیے کہ ان صفات کو اپنائیں اور خدا تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے والے ہوں۔ پھر صدر صاحب نے شاملین سے اس سال کے مرکزی عنوان کے متعلق ان کی رائے دریافت کی اور ساتھ یہ بھی پوچھا کہ مجلس انصار اللہ کے ممبران کو اپنی ذاتی اور روحانی زندگی کیسے گزارنی چاہیے؟ آخر پر آپ نے دعا کروائی۔
ریفریشر کورس میں مجلس کی مختلف نظامتوں کے متعلق بھی گفتگو جاری رہی، مثلاً عمومی،تعلیم، تربیت، رشتہ ناطہ، اشاعت، تبلیغ، مال، ایثار، آڈٹ، تجنید، تعلیم القرآن، ذہانت اور صحت جسمانی وغیرہ۔ اس گفتگو کے دوران نا ظمین نے کورس کے متعلق مختلف معلومات پیش کیں اور شاملین کے سوالات کے جواب بھی دیے۔
کُل ۱۰۸؍ عہدیداران نے اس ریفریشر کورس میں شمولیت اختیار کی جن میں ناظمین، زعماء اور منتظمین شامل تھے۔ آخر پر تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
(رپورٹ: منصور احمد۔ناظم عمومی، مسرور ریجن)