خبرنامہ
٭… روسی وزارت خوراک کا کہنا ہے کہ روس نے چھ افریقی ممالک کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دو لاکھ ٹن اناج بھیجا ہے۔وزارت خوراک نے کہا کہ اناج کا وعدہ گذشتہ جولائی میں روسی وزیرِ اعظم نے کیا تھا۔روس کی جانب سے برکینا فاسو، مالی، اریٹیریا اور زمبابوے کو ۲۵، ۲۵؍ہزار ٹن جبکہ سینٹرل افریقن ری پبلک اور صومالیہ کو ۵۰، ۵۰؍ہزار ٹن اناج بھیجا گیا ہے ۔
٭…اسرائیلی شہر ایلات پر یمن کے حوثیوں نے میزائل حملہ کیا ہے۔ اسرائیلی ایئر ڈیفنس سسٹم نے حوثیوں کا میزائل مار گرایا ہے۔ میزائل حملے سے اسرائیلی جنوبی شہر ایلات میں شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، سائرن بج گئے۔یمن سے اسرائیل تقریباً ۱۴۰۰؍میل کی دوری پر ہے، یمن کے حوثی اب تک اسرائیل پر چھ بیلسٹک میزائل داغ چکے ہیں۔اسرائیل بحیرۂ احمر میں موجود اپنے اتحادیوں کی مدد سے یہ حملے ناکام بنا رہا ہے۔اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فلسطینیوں پر ۱۳۹؍ دن سے مسلسل حملے جاری ہیں جس پر یمن کے حوثی غزہ سے اظہارِ یک جہتی کر رہے ہیں۔یمن کے حوثیوں نے اسرائیل کے خلاف اعلانِ جنگ کیا ہوا ہے۔
٭…سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے G20 ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے بامعنی اقدامات کے لیے دباؤ ڈالیں۔ برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں منعقدہ G20 وزرائے خارجہ کے اجلاس کے پہلے سیشن میں سعودی وزیرِ خارجہ نے شرکت کی جس کا موضوع تھا ’جاری بین الاقوامی تناؤ سے نمٹنے میں G20 کا کردار‘۔ انہوں نے اپنے خطاب میں G20 ممالک پر زور دیا کہ دو ریاستی حل کی جانب قابل اعتبار اور ناقابل واپسی راستے کی حمایت کریں۔ G20 ممالک کی ذمے داری ہے کہ وہ غزہ میں ہونے والی تباہی کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کریں جس سے علاقائی امن، خوشحالی اور عالمی اقتصادی استحکام کو خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے اپنے خطاب میں غزہ میں ہونے والے مظالم کی مذمت کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
٭…بھارتی ریاست ہریانہ میں پولیس سے جھڑپوں میں ایک کسان کی ہلاکت پر ’دلی چلو مارچ‘ دو دن کے لیے منسوخ کر دیا گیا۔ پولیس سے جھڑپوں کے دوران سر میں گولی لگنے سے ۲۳؍سالہ کسان کی موت ہوئی تھی جس کے نتیجے میں کسان مارچ کو دو دن کے لیے معطل جبکہ کسانوں کی جانب سے ہریانہ سرحد پر دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ہریانہ کے سات اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ سروس کی بندش میں کل تک توسیع کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ مودی حکومت کے خلاف بھارتی کسان حکومت سے MAC اور تین زرعی قوانین کو واپس لینے کے دوران کسانوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
٭…ایران کے نائب وزیرِ خارجہ برائے قانونی اور بین الاقوامی امور رضا نجفی نے عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) میں دلائل دیے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) کا فیصلہ ہزاروں بے گناہ لوگوں کی زندگیاں بچانے کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔ایران کے نائب وزیرِ خارجہ برائے قانونی اور بین الاقوامی امور نے دلائل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بنی نوع انسان کی تاریخ کے ایک اہم موڑ پر ہیں۔ عالمی عدالت کا فیصلہ ہزاروں معصوم عورتوں اور بچوں کی زندگیوں کو بچانے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔ عدالتی رائے حقِ خودارادیت سے محروم لوگوں کے جائز مطالبے میں بھی حصہ ڈال سکتی ہے۔
٭…چین نے عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) میں فلسطین کے مسئلے کے دو ریاستی حل پر زور دیا ہے۔عدالت انصاف میں چینی وزارتِ خارجہ کے قانونی مشیرنے دلائل دیے۔چینی مشیرِ وزارتِ خارجہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کے جائز حق کی بحالی کے لیے مسلسل حمایت کی ہے۔ صدر شی جن پنگ نے مذاکرات کے ذریعے دو ریاستی حل کی ضرورت پر مسلسل زور دیا ہے۔ فلسطینی عوام کی غیر ملکی جبر کے خلاف مزاحمت ’ناقابلِ تسخیر حق‘ ہے۔
٭…غزہ میں فلسطینی بچوں کی ہلاکت کے سوال پرامریکی رکنِ کانگریس اینڈی اوگلز نے انتہا پسندانہ جواب دیا ہے۔ اینڈی اوگلز نے جواب میں کہا ہے کہ ہمیں غزہ میں سب کو ہلاک کر دینا چاہیے۔ اس انتہا پسندانہ بیان پر مسلمانوں، ڈیموکریٹس اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔ امریکن مسلم ایڈوائزری کونسل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اینڈی اوگلز کا یہ بیان تمام فلسطینی عوام کو ختم کرنے کے مترادف ہے۔ امریکی رکنِ کانگریس اینڈی اوگلز کے ترجمان نے سخت ردِّعمل کے بعد صفائی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اینڈی اوگلز فلسطینیوں کا نہیں حماس کا حوالہ دے رہے تھے۔
٭…غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے سکاٹش نیشنل پارٹی کی برطانوی پارلیمنٹ میں قرارداد پر سپیکر نے اراکین پارلیمنٹ سے معافی مانگ لی ہے۔تنازع جنگ سے متعلق لیبر کی تحریک پر ووٹنگ کی اجازت دینے پر ہوا۔ٹوری اور ایس این پی اراکین نے ووٹنگ کی اجازت دینے کے سپیکر کے فیصلے پر احتجاج کیا تھا۔ سپیکر کے خلاف ۳۳؍اراکین پارلیمنٹ نے تحریک عدم اعتماد پر دستخط کردیے۔دوسری جانب فلسطین سالیڈیرٹی کمپین کے ہزاروں افراد نے پارلیمنٹ کے باہر جنگ بندی کے لیے مظاہرہ کیا۔
٭…٭…٭