ناصرات الاحمدیہ برطانیہ کا نیشنل نیٹ بال ٹورنامنٹ ۲۰۲۴ء
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے ناصرات الاحمدیہ برطانیہ کو اپنا نیشنل نیٹ بال ٹورنامنٹ امسال مورخہ ۱۸؍فروری کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ تلاوت قرآن کریم اور عہد سے ٹورنامنٹ کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ پھرنیشنل سیکرٹری صاحبہ صحت جسمانی نے مقابلہ جات کا تعارف کروایا۔ ناصرات الاحمدیہ برطانیہ کے لیے اس نوعیت کا یہ پہلا نیشنل نیٹ بال ٹورنامنٹ تھا۔ اس میں نَو ٹیموں نے حصہ لیا جن کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔ گروپ اے میں نارتھ ایسٹ، بیت النور، بیت الفتوح، مڈ لینڈز اور اسلام آباد ریجن کی ٹیمیں شامل تھیں جبکہ گروپ بی میں عائشہ ریجن، نارتھ ویسٹ، ہارٹفرڈشائر اور لندن ریجن کی ٹیمیں شامل تھیں۔ مقابلہ جات کا فیصلہ بدستور قرعہ اندازی کے ذریعہ سے ہوا۔ اس کے بعد سب کھلاڑیوں کو نیٹ بال کے قواعدو ضوابط اور لائنز کے بارے میں بتایا گیا۔ مقابلہ جات میں حصہ لینے والی ناصرات کی زیادہ تعداد اپنے سکولوں میں بھی کھیلتی ہے اس لیے ان کو کھیل کے بارے میں کافی معلومات پہلے سے ہی تھیں تاہم ان کے تمام سوالات کے جواب دیے گئے۔ پھرطاہر ہال میں بیک وقت دو جگہ مقابلہ جات شروع ہوئے۔
ناصرات کی ٹیموں کی یہ نمایا ں خصوصیت نظر آئی کہ ان میں سے ہر ایک اپنے ریجن کی ٹیم کے لیے جذبہ اور لگن سے کھیل رہی تھی۔ اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے کچھ ناصرات نے رات بیت الفتوح میں ہی قیام کیا تھا جس کی وجہ سے ان میں آپس میں دوستی بھی ہو گئی تھی۔ سب ناصرات اپنی ٹیم کا پوائنٹ ہونے پر خوشی کا اظہار کرتیں اور مِس ہونے کی صورت میں افسردگی کا۔ اپنے ریجن کی ٹیم سے لگاؤ کے باوجود ایک دوسرے کو اچھا کھیلنے کے گُر بھی سکھا تی رہیں۔ اس لیے ہر مقابلہ ہی سخت ہوتا، سب کھلاڑیوں نے بہت اچھا کھیلا اور دوپہر ایک بجے تک مقابلے جاری رہے۔ سخت مقابلوں کے بعد گروپ ۱ے میں سے اسلام آباد اور نارتھ ایسٹ ریجن جبکہ گروپ بی سے لندن اور عائشہ ریجن کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں۔ تمام کھلاڑیوں کے لیے کھیل کے ساتھ توانائی بحال رکھنے کے لیے پھل، چائے اور پانی وغیرہ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ شعبہ اشاعت کی طرف سے کتابوں کا سٹال بھی لگا ہوا تھا۔
ڈاکٹرقرۃ العین صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ برطانیہ بھی پورا دن بیت الفتوح کے طاہر ہال میں موجود رہیں اور سب کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتی رہیں۔ آپ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ نارتھ کے ریجنز سے بھی بہت سی ناصرات آئی ہوئی ہیں کیونکہ انہیں طویل فاصلے کی وجہ سے یہاں لندن میں ہمارے سپورٹس ڈے میں حصہ لینے کا موقع نہیں ملتا۔ اس بار انہوں نے پورا ویک اینڈ بیت الفتوح میں گزارا ہے۔ امید ہے کہ جب وہ جون میں بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں، یا آئندہ اجتماعات پر دوبارہ ملیں گی تو وہ ایک دوسرے کو پہچانیں گی اور اس سے ان میں دوستی بڑھے گی۔‘‘
نماز اور کھانے کے وقفہ کے بعد سیمی فائنل مقابلہ جات ہوئے۔ طاہر ہال میں بڑا پُر جوش سماں تھا۔ سب ٹیموں میں سخت مقابلہ ہوا۔ بالآخر فائنل میچ اسلام آباد اور لندن کے بیچ ہوا۔ دونوں ٹیموں نے پوری لگن سے کھیلا اور میچ ٹائی ہو گیا پھر پینلٹیز میں میچ کا فیصلہ ہوا جس میں اسلام آباد ریجن کی ٹیم فاتح قرار پائی۔ دوسری پوزیشن (Runner-up)پر لندن ریجن رہا، تیسری پوزیشن عائشہ ریجن اور چوتھی پوزیشن نارتھ ایسٹ ریجن کی آئی۔ تقریب تقسیم انعامات میں پہلی تین پوزیشنز پر آنے والی ٹیموں کو ٹرافی دی گئی اور باقی تمام کھلاڑیوں کوٹورنامنٹ میں شمولیت کے لیے اور ریفریز کو میڈل دیے گئے۔ آخر میں صدر لجنہ اماء اللہ برطانیہ نے کہا کہ ان کو بہت خوشی ہے کہ سب نے پُر جوش حصہ لیا اور سب کو داد دی۔ دعا سے اس ٹورنامنٹ کا اختتام ہوا۔
(رپورٹ:صدیقہ سلطانہ۔ یوکے)