سپورٹس بلیٹن
فارمولا ون ریسنگBahrain Grand Prix:
۲؍مارچ ۲۰۲۴ءکو سیزن کی پہلی Grand Prixبحرین میں منعقد ہوئی ۔یہ ریس۴۱۲.۵کلومیٹر کے ٹریک پر۵۷ چکروں پرمشتمل تھی جوکہ Red Bull گاڑی چلانے والے گذشتہ سال کے چیمپئن نیدرلینڈز سے تعلق رکھنے والے Max Verstappen نےجیت لی۔Red Bullٹیم کے میکسیکن ڈرائیور Sergio Pérez نے دوسری اور Ferrari کے اسپینش ڈرائیور Carlos Sainz Jrنےتیسری پوزیشن حاصل کی۔سیزن کی دوسری ریس ۹؍مارچ کو سعودی عرب Grand Prixجدہ میں ہوگی۔
کرکٹ:ابوظہبی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں آئرلینڈ نے افغانستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی فتح حاصل کی۔۲۰۱۸ء میں پاکستان کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے بعد آئرش ٹیم کو اپنے ابتدائی سات میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔افغانستان کے خلاف میچ میں آئرلینڈ نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یادگار کامیابی سمیٹی۔افغان ٹیم پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پہلی اننگز میں ۱۵۵رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔جواب میں آئرلینڈ نے ۲۶۳؍رنز بنائے۔افغانستان نے دوسری باری میں ۲۱۸؍رنز بنا کر مخالف ٹیم کو ۱۱۱رنز کا ہدف دیا۔آئر لینڈ نے مطلوبہ ہدف کھیل کے تیسرے روز چاروکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ کپتان Andy Balbirnieنے ذمہ دارانہ ۵۸؍رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔آئرلینڈ کی طرف سے پہلی اننگز میں ۵؍اور دوسری اننگز میں ۳کھلاڑیوں کو آؤ ٹ کرنے والے تیز گیند باز Mark Adairکو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین دوٹیسٹ میچز پرمشتمل سیریز کا پہلا میچ آسٹریلیا نے ۱۷۲؍رنز کے بڑے فرق سے جیت لیا۔۲۹؍فروری تا۳؍مارچ تک ویلنگٹن میں ہونے والے اس مقابلہ میں میزبان کیوی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔آسٹریلیا نے کیمرون گرین کےناقابلِ شکست ۱۷۴؍رنز کی بدولت ۳۸۳؍رنز بنائے۔آخری وکٹ کی شراکت میں کیمرون گرین اور جوش ہیزل وُڈ نے ۱۱۶رنز کا اضافہ کیا۔جواب میں نیوزی لینڈٹیم ۱۷۹؍کے اسکور پر ڈھیر ہوگئی۔گلین فلپس نے ۷۱؍رنز بنائے۔ آسٹریلوی ٹیم اپنی دوسری باری میں ۱۶۴؍رنز بنا سکی۔۳۶۹؍رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ ٹیم ۱۹۶؍رنز پر آل آؤٹ ہوئی۔آسٹریلیا کے آل راؤنڈر کیمرون گرین پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
نیپال، نمیبیا اور نیدرلینڈز کی ٹیموں کے مابین سی فریقی ٹی ٹوینٹی کرکٹ سیریز نیدرلینڈز نے جیت لی۔ فائنل میچ میں نیدرلینڈز نے میزبان نیپال کے خلاف ۱۸۵؍رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا۔ اس سیریز کے ایک میچ میں نمیبیا کے Jan Nicol Loftie-Eatonنے نیپال کے خلاف ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تیز ترین سینچری صرف ۳۳؍گیندوں پر مکمل کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا۔
ٹینس: دبئی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کےمینز سنگلز کے فائنل میں فرانس کےUgo Humbertنے قازقستان کے Alexander Bublikکو ۶۔۴ اور ۶۔۳ کے اسکور سے شکست دے کرٹائٹل جیت لیا۔دوسری طرف امریکہ کے شہر San Diego میں ہونے والا ویمنزٹینس اوپن ٹورنامنٹ برطانیہ کی نمبر ایک کھلاڑی Katie Boulterنے جیت لیا۔فائنل میں پہلا سیٹ ۵۔۷کے اسکور سے ہارنے کے بعد برطانوی کھلاڑی نے یوکرائن کی Marta Kostyukکو بقیہ دو سیٹس میں ۶۔۲اور۶۔۲ کے اسکور سے شکست دی۔
فٹ بال:انگلش پریمئر لیگ کے گذشتہ ہفتہ ہونے والے مقابلوں میں نیوکاسل نے وولوزکو ۳۔صفر،لیورپول نے ناٹنگھم فاریسٹ کو ۱۔صفر،اور مانچسٹر سٹی نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو۳۔۱سے شکست دے دی۔دیگرمیچز میں چیلسی اور برینٹفورڈ کا مقابلہ ۲۔۲گول سے برابر ہوا جبکہ ویسٹ ہیم نے ایورٹن اور فلہم نے برائٹن کو ہرایا۔رواں سیزن میں لیورپول کلب ۲۷میچز میں ۶۳؍پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ مانچسٹر سٹی ۶۲؍پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اورآرسنل ۵۸پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
(رپورٹ: ن م طاہر)