قادیان دارالامان میں ’’مسرور ٹورنامنٹ‘‘ کا شاندار انعقاد
مورخہ یکم تا ۱۴؍فروری۲۰۲۴ءقادیان دارالامان میں مجلس صحت کی جانب سے’’مسرور ٹورنامنٹ‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ٹورنامنٹ میں کرکٹ، والی بال،فٹ بال، کبڈی اور بیڈمنٹن کے مقابلہ جات کروائے گئے۔قادیان کے گرد و نواح ضلع گورداسپور سے مختلف ٹیموںنے اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیا۔ اس ٹورنامنٹ میں جہاں ضلعی سطح کی مختلف ٹیمیں شامل ہوئیں وہاں قادیان کی بھی مرکزی ٹیموں نے شمولیت اختیار کی۔
اس ٹورنامنٹ کے میچز کے بعد فاتح ٹیموں کو ٹرافیاں و نقد انعام سے نوازا گیا۔ اسی طرح ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کو بھی اعزازی انعام سے نوازا گیا۔ اس ٹورنامنٹ میں کرکٹ کی ۱۶، فٹ بال کی۱۶، کبڈی کی چار اور والی بال کی ۱۶؍ٹیموں نے حصہ لیا۔ اسی طرح بیڈمنٹن میں بھی کثیر تعداد میں کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
اس موقع پر ضلع کے مختلف شہروں اور دیہات سے آنے والی ٹیموں کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں بین الاقوامی اتحاد و امن، صلح و آشتی کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ نیز ایسے ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد یہی ہے کہ باہمی پیار و محبت اور اخوت بڑھے اور ایک دوسرے کے لیے ہمدردی کےجذبات پروان چڑھ سکیں۔
اس ٹورنامنٹ میں شامل ہونے والی ٹیموں نے جماعتی انتظامات کو سراہا اور قادیان میں آکر ٹورنامنٹ میں حصہ لینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ یہ ٹورنامنٹ پورے نظم و ضبط کے ساتھ اور ’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘ کے پیغام کو فروغ دینے اور علاقہ کے نوجوانوں کی صحت و تندرستی کے معیار کو بڑھانے کا موجب بنا۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)