لجنہ اماءاللہ ہالینڈ کی عالمی یوم حجاب کے موقع پر سرگرمیاں
خداتعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماءاللہ ہالینڈ کو یکم فروری ۲۰۲۴ء کو عالمی یوم حجاب کے موقع پر متعدد شہروں میں سٹالز لگانے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
۴۰؍سے زائد مختلف مقامات پرلجنہ اماءاللہ ہالینڈ کی طرف سے تبلیغی تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور چار ہزار ۸۰۰؍فلائرز تقسیم کیے گئے جن کے ذریعہ عالمی یوم حجاب کے موقع پر اسلامی پردہ کی تعلیمات کا تعارف کافی تعداد میں مختلف قومیتوں تک پہنچا۔ الحمدللہ
یاد رہے کہ ’عالمی یوم حجاب‘ صرف حجاب پہننے کے ظاہری عمل کے بارے میں دن نہیں ہے بلکہ مسلمان خواتین کے لیے یہ مذہبی آزادی کےطور پر بھی منایا جاتا ہے تاکہ آپس کے بھائی چارے کو فروغ دیا جائے اور اس کے ذریعہ غلط فہمیوں کو دُور کیا جائے۔
اس سلسلہ میں مختلف مقامات پر لجنہ اماءاللہ ہالینڈ نے معلوماتی سٹالز لگائے جو کہ بینرز اور اسلام احمدیت کے بارے میں معلوماتی مواد پر مشتمل تھے۔ ان سٹالز کا مقصد فلائرز تقسیم کرنا، سوالات کے جواب دینا اور حجاب کے بارے میں لجنہ کے دیگر خواتین سے ذاتی تجربات شیئر کرنا تھا۔
حجاب چونکہ ہمارے لیے حیا اور وقار کی علامت ہے اس لیے کوشش کی گئی کہ کھلی جگہ کا انتخاب کیا جائےتاکہ متجسس لوگ آسانی سے ہم سے رابطہ کر سکیں اور گفتگو کے ذریعہ ان کی تسلی کرائی جا سکے۔
اللہ کے فضل سے سٹالز نہایت کامیاب رہے اور بہت سی خواتین نے سٹالز پر آکر خود حجاب اوڑھ کر دیکھے۔ اس دوران لجنہ ممبرات نے پردہ اور حجاب کی روحانی اور ثقافتی اہمیت کے بارے میں بھی گفتگو کی اور غیروں کے دقیانوسی خیالات اور غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی۔
صبح سے شام تک مختلف اوقات میں لجنہ ممبرات ان سٹالز میں جوش و خروش سے ڈیوٹی دیتی رہیں۔ فجزاہم اللہ تعالیٰ احسن الجزاء (رپورٹ: عطیہ اسلم۔ نیشنل صدر لجنہ اماءاللہ ہالینڈ)