فلسطین اور دنیا کے عمومی حالات کے لیے دعا کی تحریک، نیز احمدیوں کو دعاؤں کے ساتھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین
(۸؍مارچ ۲۰۲۴ء، اسلام آباد، ٹلفورڈ) امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۸؍مارچ ۲۰۲۴ء میں فرمایا:فلسطین کے لوگوں کے لیے دعا کریں اللہ تعالیٰ ان کے لیے آسانیاں پیدا فرمائے ۔ دشمن تو اپنی تمام تر گھٹیا سوچوں اور حرکتوں کے ذریعہ انہیں تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔ بڑی طاقتیں جنگ کو روکنے کی بجائے اسے ہوا دینے کی کوشش کر رہی ہیں ۔ امریکہ کے صدر نے پہلے گذشتہ پیر کے دن جنگ بندی کے لیے کہا تھا اب کہتے ہیں رمضان سے پہلے جنگ بندی ہوگی اور وہ بھی عارضی صرف چھ ہفتے کے لیے ۔ یہ تو صرف اسرائیل کو موقع دینے کا ایک حربہ ہے کہ اس دوران ان کو آرام بھی مل جائے گا اور پھر وہ تازہ دم ہوکر پھر ظلم شروع کردیں گے ۔ پس اللہ تعالیٰ ہی ہے جو ان کے ہاتھوں کو روک سکتا ہے ۔ اس لیے بہت دعا کریں ۔
اسی طرح احمدیوں کو جس چیریٹی تنظیم کے ذریعہ سے ان کو خوراک یا دوائیاں یا کسی طرح کی مدد مل سکتی ہے وہ کرنی چاہیے۔ اپنے حلقہ میں ان کے حق میں ظلم ختم کرنے کے بارہ میں کوشش بھی کرنی چاہیے۔ میں نے پہلے بھی کہا تھا سیاست دانوں کو خطوط لکھیں اور یہ لکھتے رہیں تھکنا نہیں چاہیے ہمیں۔ سیاستدانوں کو سمجھائیں کہ جو بھی تم لوگ کر رہے ہو بڑا غلط کر رہے ہو ۔فلسطینیوں کو بھی اللہ تعالیٰ دعاؤں اور اپنی روحانی حالتوں کو بہتر کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔
یوکرائن اور روس کی جنگ جس میں یورپ اور امریکہ کے براہ راست شامل ہونے کی خبریں آرہی ہیں اس سے بھی عالمی جنگ کے خطرات مزید بڑھ رہے ہیں ۔ اس کے لیے بھی جہاں دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ دنیا کو تباہی سے بچائے وہاں احتیاطی تدابیر کے طور پر جیسا کہ پہلے بھی میں نے کہا تھا اور پہلے حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ بھی ایک نسخہ ایٹمی اثرات سے بچنے کا دے چکے ہیں جماعت میں اب کافی ہے ہومیوپیتھی کا جو ہمارا شعبہ ہے وہ بتا بھی دے گا اس کے بھی کم از کم ایک کورس تین تین خوراکوں کا کرلینا چاہیے دوبارہ۔ اسی طرح گھروں میں راشن بھی دو تین مہینے کا احمدیوں کو رکھنا چاہیے۔ اور خاص طور پر جہاں براہ راست جنگ کا خطرہ ہے ۔ جنگ نہ بھی ہو تب بھی اس کا فائدہ ہی ہے پرانا بھی راشن جو جمع کیا تھا لوگوں نے مختلف آفات آتی ر ہیں اس میں وہ استعمال ہوتا رہا اور انہوں نے یہی کہا ہمیں فائدہ ہی ہوا۔
ایٹمی تابکاری کے بد اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے ہومیوپیتھک نسخہ صفحہ ۸ پر ملاحظہ فرمائیں۔
یمن کے احمدیوں کے لیے بھی دعا کریں اللہ تعالیٰ ان کی رہائی کے جلد سامان پیدا فرمائے اور وہ جو یمنی فوجوں نے یا جو ایک گروپ ہے اس کو یہ شک ہے کہ جماعت احمدیہ ملک کے خلاف سازشیں کرنے والی ہے ان کے شکوک دور ہوں اور ان کی رہائی جلدی ہو۔
اللہ تعالیٰ دنیا کو یہ بھی عقل دے کہ وہ ترقی کے نام پر دنیا کی غلاظتوں میں پڑنے کی بجائے اللہ تعالیٰ کی پہچان کریں۔ مسلمان ملکوں کو بھی اللہ تعالیٰ انصاف پر قائم کرکے ایک ہونے کی توفیق عطا فرمائے ۔ ہمیں بھی توفیق دے کہ ہم اللہ تعالیٰ کے پیغام کو ہر شخص تک پہنچانے والے ہوں ۔