گنی بساؤ کی جماعت اولوساٹو کی مسجد بیت الکریم کا افتتاح، تقریب آمین اور ریجنل اجتماع
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مغربی افریقہ کے ملک گنی بساؤ میں مساجد کی تعمیر کا کا م بھرپور طریق پر جاری ہے۔ اسی ضمن میں مورخہ ۱۶؍فروری ۲۰۲۴ء کو گنی بساؤ کے اویو ریجن کی جماعت اولوساٹو میں مبلغ انچارج مکرم محمد احسن میمن صاحب نے مسجد کا افتتاح کیا۔ اس گاؤں میں جماعت کی بہت مخالفت ہے۔ تقریباً ہر روز ہی علاقہ کی مقامی مسجد سے جماعت کے خلاف نفرت کا پرچار کیا جاتا ہے۔ اس علاقہ میں اگر کسی احمدی کی وفات ہوتی تو ہمارے غیرازجماعت بھائی نفرت اور عداوت کی وجہ سے جنازے میں شرکت سے گریز کرتے۔ باوجود اس ساری نفرت اور بغض کے علاقہ میں ایک پانی کا نلکا ہونے کی وجہ سے تمام مخالفین ہیومینٹی فرسٹ کے لگائے ہوئے نلکے سے استفادہ کرتے ہیں۔
بیت الکریم
اس مسجد کا نام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے از راہ شفقت بیت الکریم عنایت فرمایا ہے اور اس مسجد کے تمام اخراجات مکرم رانا عبد الخالق صاحب حال مقیم یو کے نے ادا کیے ہیں۔ مسجد کی چوڑائی ۱۱.۶۰؍ میٹر اور لمبائی ۱۱.۸۰؍ میٹر ہے۔
تقریب آمین
مسجد کے افتتاح کے موقع پر گاؤں کے چھ بچوں کی تقریبِ آمین بھی ہوئی جس میں مبلغ انچارج صاحب نے ہر بچے سے قرآن کریم کا کچھ حصہ سنا اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور خلفائے احمدیت کی ہدایات کی روشنی میں احباب جماعت کوقرآن کریم کی تلاوت اور اس کا حق ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی ۔
خدام کا ریجنل اجتماع
مسجد کے افتتاح کے بعد مجلس خدام الاحمدیہ کا ریجنل اجتماع بھی منعقد کروایا گیا جس میں علمی اور ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے۔ اجتماع میں مقامی خدام کے علاوہ دوسری جماعتوں کے خدام نے بھی بھرپور شرکت کی۔
مسجد کے افتتاح کے موقع پر چار سو سے زائد احباب نے شرکت کی جس میں غیر از جماعت دوستوں کو بھی مدعو کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ اہل علاقہ کو اس مسجد کے حقوق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور جماعت احمدیہ کی یہ مسجد حقیقی اسلام کا پُر امن پیغام پھیلانے والی ہو۔ آمین
(رپورٹ: زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)