کلام حضرت مرزا طاہر احمد خلیفۃ المسیح الرابع ؒ
جاء المسیح جاء المسیح (انتخاب از منظوم کلام حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ)
بہار آئی ہے، دل وقفِ یار کر دیکھو
خرد کو نذرِ جنونِ بہار کر دیکھو
غضب کیا ہے جو کانٹوں سے پیار کر دیکھا
اب آؤ پھولوں کو بھی ہمکنار کر دیکھو
جو کر سکے تھے کیا، غیر ہمیں بنا نہ سکے
ہم اب بھی اپنے ہیں، اپنا شمار کر دیکھو
مسیح اُترا ہے عِندَ الْمَنَارَۃِ البَیْضَآء
اٹھو۔ کہ جائے ادب ہے۔ سنوار کر دیکھو
لگاؤ سیڑھی، اُتارو دلوں کے آنگن میں
نثار جاؤ، نظر وار وار کر دیکھو
جو اُس کے ساتھ، اُسی کی دعا سے اترا ہے
یہ مائدہ ہے، ڈشوں میں اتار کر دیکھو
بُلا رہی ہیں تمہیں پیار کی کھلی بانہیں
چلے بھی آؤ نا، للّٰہ پیار کر دیکھو
محبتوں کے سمندر سے دوریاں کیسی
لپٹ کے موجوں سے بوس و کنار کر دیکھو
(کلام طاہر صفحہ ۸۵-۸۶)