متفرق شعراء
اک شمعِ ہُدیٰ دل میں جلا دیتے ہیں روزے
اک شمعِ ہدیٰ دل میں جلا دیتے ہیں روزے
ایماں کی حرارت کو بڑھا دیتے ہیں روزے
وا کرتے ہیں ہر آنکھ پہ اسرار زمانہ
جو دیکھا نہیں پہلے دکھا دیتے ہیں روزے
انسان کو دنیا کے تفکر سے ہٹا کر
قرآں کی تلاوت میں لگا دیتے ہیں روزے
احکامِ شریعت کا بنا دیتے ہیں پابند
اللہ سے انساں کو ملا دیتے ہیں روزے
پانا یہ سکھاتے ہیں ہمیں نفس پہ قابو
ہر اک بُری عادت بھی چھڑا دیتے ہیں روزے
بھر جاتا ہے دامان طلب شاہ و گدا کا
رحمت کے خزانوں کا پتا دیتے ہیں روزے
برکت مَیں بتاؤں تمہیں رمضان کی بشریٰؔ
خاکی کو بھی نورانی بنا دیتے ہیں روزے
(بشریٰ سعید عاطف ۔ مالٹا)