لکزمبرگ کے مشہور فیسٹیول میں جماعتی سٹینڈ اور تبلیغ حق
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ لکزمبرگ کو مورخہ ۲۴ اور ۲۵؍فروری ۲۰۲۴ء کو لکزمبرگ کے مشہور ترین فیسٹیول میں سٹال لگانے کی توفیق عطا ہوئی۔ لکزمبرگ اپنی مخصوص اسلام مخالفت کی وجہ سے مشہور ہے لیکن دراصل لکزمبرگ مذہب کے ہی مخالف ہےجہاں کسی بھی مذہب یا مذہبی تنظیم کی ہر لحاظ سے ترقی کی راہ میں حائل ہونے کی باقاعدہ کوشش کی جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ ہم کئی سال تک اس فیسٹیول میں جماعتی کتب کی نمائش کی درخواست دیتے رہے مگرکسی نہ کسی بہانے سے قبول نہ کی جاتی تھی۔ حکمت عملی کے تحت ہم نے ان کی آرگنائزیشنل میٹنگ میں جانا شروع کیا اور وہاں ہم نے ان کی انتظامیہ سے دوستی کا تعلق پیدا کیا جس میں تین سال کا عرصہ لگا ان تین سالوں میں ہر سال درخواست دی جاتی لیکن نامنظور کردی جاتی تھی۔ گذشتہ سال ہم نے جب بک سٹال کی درخواست دی تو انتظامیہ کی طرف سے پھر انکار ہوا لیکن دوستی اس رنگ میں ضرور کام آئی کہ آرگنائزیشن کے پریذیڈنٹ نے خود فون کر کے معذرت کرتے ہوئے ایک متبادل راستہ بتایا اور بطور تجویز کہا کہ چونکہ ہمارے دستور میں شامل ہے کہ ہم مذہبی تنظیم کو اس فیسٹیول میں سٹال لگانے کی اجازت نہیں دے سکتے لیکن آپ لوگوں کو انٹرنیشنل کلچر زون میں ریسٹورنٹ برانچ میں ایک سٹال دے سکتا ہوں وہ لے لیں اور وہاں اس بہانے سے اپنی جماعت کا پیغام پہنچا ئیں۔ چنانچہ اس تجویز کو عاملہ میں ڈسکس کرکے مرکز سے منظوری کے بعد قبول کر لیا گیا۔
اس فیسٹیول میں ہم نے اپنے سٹینڈ کو جماعتی تعارف کے رول اپ کے علاوہ اسلام میں عورت کا مقام، اسلام اور سائنس، اسلام کا امن کے متعلق نکتہ نظر جیسے رول اپ سے مزیّن کیا جنہیں اندازًا پانچ ہزار لوگوں نے سرسری طور پر اور ۹۰۰؍افراد نے کھڑے ہو کر مکمل پڑھا۔ اندازًا ۱۰۰؍افراد نے مزید دلچسپی کا اظہار کیا جس پر جماعت احمدیہ کے متعلق انہیں مزید معلومات فراہم کی گئیں۔ ان افراد میں قابل ذکر لکزمبرگ کی سابقہ وزیر کورن کاہن Corinne Cahen ہیں۔ انہوں نے اسلام میں عورتوں کے مقام کے متعلق رول اپ کو مکمل پڑھ کر سراہا۔ بعد ازاںمحترم صدر صاحب لکزمبرگ اور خاکسار نے ان کے ساتھ تصویر بھی بنوائی۔ نیز لکزمبرگ کی سیاسی پارٹی کے لیڈر محترم داؤد Davidصاحب نے بھی جماعتی سٹال کا وزٹ کیا۔ یہ ہمارے اچھے دوست بھی ہیں اورالحمدللہ ماہ مارچ میں لندن میں منعقد ہونے والی پیس کانفرنس میں بھی شامل ہوئے۔ لکزمبرگ کی ایک اَور نئی پارٹی کے بانی پریذیڈنٹ مسٹر فوکا صاحب نے بھی ہمارے سٹال کا وزٹ کیا۔ ان کے علاوہ لکزمبرگ میں گنی بساؤ کی کلچرل تنظیم کے پریذیڈنٹ، کیمرون میں یتیم بچوں کی کفالت کرنے والی تنظیم کے پریذیڈنٹ، لکزمبرگ کی وزارت فیملی پلاننگ کی ایک ماہر ڈاکٹر محترمہ شوکرون صاحبہ نے بھی ہمارے سٹال کا وزٹ کیا اور مزید معلومات حاصل کیں۔ ٹوگو سے تعلق رکھنے والے کارلوس صاحب نے بھی وزٹ کیا۔ پیشے کے لحاظ سے صحافی ہیں اور لکزمبرگ کی سیاسی پارٹی اے آر ڈی کے متحرک اور سرکردہ کارکنوں میں سے ہیں۔ یوں اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمارا یہ تبلیغی ایونٹ بڑی خوش اسلوبی اور کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔ اللہ تعالیٰ ہماری اس حقیر کاوش کے بہترین ثمرات سے ہمیں نوازے۔ آمین
(رپورٹ: ظفر اللہ سلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)