مدرسۃ الحفظ یوکے کی چوتھی سالانہ تقریب
اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ یوکے میں احمدی بچوں اور بچیوں کو مکمل قرآن کریم حفظ کروانے کے ادارہ جات قائم ہیں۔ مورخہ ۲۸؍جنوری ۲۰۲۴ء بروز اتوار مدرسۃ الحفظ یوکے کی سالانہ تقریب کا انعقاد مسجدبیت الاحسان، مچم(Mitcham)، لندن میں کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی مکرم حافظ مسعود اقبال صاحب تھے۔ ساڑھے گیارہ بجے تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعدازاں حدیث، ملفوظات اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلا م پیش کرنے کی سعادت بھی مدرسہ کے ہی طلبہ نے حاصل کی۔ مدرسہ کے انچارج مکرم حافظ فضل ربی صاحب نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یہ مدرسہ کی پہلی بالمشافہ سالانہ تقریب ہے جبکہ گذشتہ تقاریب کا انعقاد آن لائن ہی کیا گیا تھا۔ رپورٹ میں مدرسہ کے تعلیمی نظام کا جائزہ پیش کرتے ہوئے مکرم انچارج صاحب نے بتایا کہ مدرسہ کا باقاعدہ آغاز حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت اور منظوری سے یکم اکتوبر ۲۰۱۹ء کو ہوا۔ یہ مدرسہ blended learningکے طرز پر کام کررہا ہے جس کے مطابق شام کو آن لائن کلاسز کے علاوہ ہر ہفتہ بیت الاحسان مسجد میں بھی تین گھنٹے کی بالمشافہ کلاسز منعقد کی جاتی ہیں۔ اس طرح ایک ہفتہ میں چھ دن تدریس بھی ہوتی ہے۔ اب تک مدرسہ سے پانچ بچے مکمل حفظ قرآن کی سعادت حاصل کر چکے ہیں اور اب دہرائی کررہے ہیں اور ہر سال نماز تراویح پڑھانے کی سعادت بھی حاصل کررہے ہیں۔ رپورٹ کے بعد تقریب کے مہمان خصوصی نے سرٹیفکیٹس اور انعامات تقسیم کیے۔ سب سے پہلے مدرسہ کی ان ۹؍ ٹیچرز کو سرٹیفکیٹس دیے گئے جنہوں نے مدرسہ میں بطور ٹیچر مسلسل تین سال مکمل کرنے کی توفیق پائی ۔ ان کے سرٹیفکیٹس مدرسہ کے طلبہ نے وصول کرکے متعلقہ ٹیچرز تک پہنچائے۔ بعدازاں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو انعامات دیے گئے۔ ان میں حفظ کے لحاظ سے سر فہرست تین طلبہ عزیزم مسرور احمد (کُل ۲۳؍ پارے)، عزیزم سلمان احمد ( کُل ۱۶؍پارے) اور عزیزم عفان احمد (کُل ۱۲؍ پارے) شامل ہیں۔ اس کے بعد مہمان خصوصی نے تقریر کرتے ہوئے بچوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے سکول کی فل ٹائم تعلیم کے ساتھ ساتھ شام اور ویک اینڈ کلاسز کے ذریعہ حفظ قرآن کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔ مکرم حافظ صاحب نے طلبہ کو اپنا حفظ دہراتے رہنے اور رمضان المبارک میں نماز تراویح مسلسل پڑھانے کی تلقین کی تاکہ قرآن کریم ان کو ساری زندگی یاد رہے۔
دعا کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا بعد ازاں مہمانان کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ قارئین سے مدرسہ کے طلبہ اور اساتذہ کے لیے دعا کی درخواست ہے۔
(رپورٹ: حافظ انیق الرحمٰن۔ مربی سلسلہ یوکے)