آئیوری کوسٹ کا پہلا سالانہ نیشنل اجتماع وقف نو
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے شعبہ وقف نو آئیوری کوسٹ کو اپنا پہلا سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ ۳؍مارچ ۲۰۲۴ء بروز اتوار منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ اس اجتماع میں شرکت کے لیے سات سال سے بڑی عمر کے واقفین نو اور واقفات نو اور ان کے والدین کو مدعو کیا گیا۔ ۲؍مارچ کو بعدادائیگی نماز مغرب و عشاء مہمانان کی آمد پر رافع احمد تبسم صاحب مبلغ سلسلہ نے درس بعنوان ’’تعارف تحریک وقف نو اور ذمہ داریاں‘‘دیا جس کے بعد اجتماع کمیٹی نے شرکاء کے ساتھ میٹنگ کی اور ان کے سوالات کے جواب بھی دیے گئے۔
اجتماع کے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد عبدالسلام طورے صاحب مبلغ سلسلہ نے درس بعنوان ’’واقفین اور نظام جماعت پر تحریک وقف نو کے باثمراثرات‘‘ دیا۔ ساڑھے آٹھ بجے مہمانان کرام کی آمد کے بعد اجتماع کا باقاعدہ آغاز زیر صدارت مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیرو مشنری انچارج آئیوری کوسٹ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ مکرم سےدےگو یونس صاحب(Sédégo Inousa) نیشنل سیکرٹری وقف نو نے مہمانان کرام کو خوش آمدید کہا اور نصائح کیںجس کے بعد اجتماع کے مرکزی موضوع ’’وقف نو پروگرام کے تحت والدین اور عہدیداران کی ذمہ داریاں‘‘پر عبدالسلام طورے صاحب مبلغ سلسلہ دلوا ریجن نے تقریر کی۔ بعد ازاں مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔علمی مقابلہ جات میں مقابلہ تلاوت قرآن کریم، اذان اور معلومات عامہ جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں میوزیکل چیئرز،ثابت قدمی کے مقابلہ جات شامل تھے۔ آخر پر والدین کے مابین مقابلہ میوزیکل چیئرز کا اہتمام بھی کیاگیااور ساتھ ہی مقابلہ جیتنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ یحییٰ وترا صاحب(Yaya Ouattara) صدر ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ،Bamba Fetegueصاحب نمائندہ IAAAE آئیوری کوسٹ،سورو الحسن صاحب نگران دفتر ایم ٹی اے آئیوری کوسٹ، تیرو الحسن صاحب(Tiero Alhassane) صدر مجلس انصاراللہ،مکرم سانوگو علی صاحب نائب صدر دوم خدام الاحمدیہ نیز مکرمہ مادام شکورا صاحبہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نے بھی اپنے اپنے شعبہ جات اور مجالس کے تعارف کے سلسلہ میں مختصر تقاریر کیں۔
نیشنل سیکرٹری صاحب وقف نو نے ایک مرتبہ پھر تمام شاملین کی شرکت پر شکریہ ادا کیا اور چند نصائح کیں جس کے بعد اجتماع کی اختتامی تقریر مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب نے کی۔ آپ نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دو خطبات کی روشنی میں تمام واقفین نو اور واقفات نو کو ان کی ذمہ داریوں اور وقف کی اہمیت سے آگاہ کیا اور تقریر کے اختتام پر دعا کروائی۔ تمام شاملین کے ساتھ تصاویر بھی بنوائی گئیں۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے وقف نو کے پہلے سالانہ اجتماع میں کُل ۳۷؍واقفین نو اور واقفات نو نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ نیشنل مجلس عاملہ اور ریجنل مبلغین کرام بھی اس اجتماع میں شامل ہوئے۔
(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)