مسرور تعلیم الاسلام اکیڈمی، آسٹریلیا کی تقریب تقسیم انعامات
مسرور تعلیم الاسلام اکیڈمی آسٹریلیا شعبہ تربیت کے تحت اطفال و ناصرات کی تعلیمی و تربیتی کلاسزپرمشتمل اکیڈمی ہے جس کا انعقاد ہر دوسرے ہفتہ بروز ہفتہ ہوتا ہے۔مسرور تعلیم الاسلام اکیڈمی کے چیئر مین عاطف احمد زاہد صاحب مربی سلسلہ اور خاکسار (پرنسپل مسرور تعلیم الاسلام اکیڈمی)کی زیر نگرانی کلاسز کا با قاعده آغاز مورخه ۱۰؍جون ۲۰۲۳ء کو ہوا۔ اکیڈمی میں کُل ۲۳؍اطفال اور ۱۹؍ناصرات رجسٹرڈ اور زیر تعلیم ہیں۔
امسال اکیڈمی میں پانچ کلاسزشامل کی گئیں۔ طلبہ کو علمی نصاب میں قرآن کریم، نماز، حدیث، تاریخ اسلام اورتاریخ احمدیت پڑھائی گئی۔ جسمانی نشوونما کے لیے ہرہفتہ سپورٹس کلاس کا بھی انتظام کیا گیا۔طلبہ کو حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں ہر ماہ دعائیہ خط لکھنے نیزخطبہ جمعہ سننےاوراس کے نوٹس لینے کی طرف بھی باقاعدگی سے توجہ دلائی گئی۔
سیمسٹر کے اختتام پر پہلی سالانہ تقریب تقسیم انعامات مورخہ ۱۷؍ دسمبر ۲۰۲۳ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمدللہ۔تقریب تقسیم انعامات کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔بعد ازاں شاملین پروگرام کے سامنےکارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں مربی صاحب اورصدر جماعت میلبرن ایسٹ جبکہ طالبات میں صدر صاحبہ مجلس میلبرن ایسٹ نے اسناد اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ اختتامی تقریر کے دوران مربی صاحب نے پرنسپل صاحب، والدین اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی کی اور شکریہ ادا کیا۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام طلبہ کو علمی و ذہنی جلا بخشے اور انہیں بہترین خادم دین بنائے۔ آمین
(رپورٹ: نعیم احمد۔سیکرٹری تربیت میلبرن ایسٹ آسٹریلیا)