مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا کے تحت ابتدائی طبی امداد اور دانتوں کی صحت کے بارے میں ٹریننگ پروگرام
ڈاکٹر حافظ محمد آصف مہتمم خدمت خلق مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا کے زیراہتمام ۳؍مارچ ۲۰۲۴ء بروز اتوار صبح گیارہ بجے مسجد بیت السلام بانجل میں خدام اور اطفال کے لیے فرسٹ ایڈ ٹریننگ اور ڈینٹل ہائیجین لیکچرکا انعقاد کیاگیا۔ فرسٹ ایڈ ٹریننگ کا آغاز صبح ساڑھے گیارہ بجے دعا سے ہوا۔ اس کے بعد ابراہیم باہ صاحب ریجنل قائد نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ الحمدللہ تقریباً ۱۹؍خدام، ۱۰؍اطفال اور دو انصار نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ خاکسار (مہتمم خدمت خلق) نے بنیادی ابتدائی طبی امداد کے موضوع پر لیکچر دیا اور روزمرہ کی زندگی میں فرسٹ ایڈ کی تربیت کے حوالے سے اس کی اہمیت واضح کی۔ اس پورے عمل کو ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعہ واضح کیا گیا۔ ڈمیز (dummies)کی مددسے تمام شرکاء کی مشق بھی کروائی گئی۔ ڈاکٹر سعد امین ملک صاحب (ڈینٹل سرجن) نے دانتوں کے حفظان صحت کے بارے میں لیکچر دیا ۔انہوں نے عملی طور پر روزانہ دانت برش کرنے کا طریقہ بھی سکھایا۔آخر پر سوال وجواب کی مجلس منعقد ہوئی۔ یہ پروگرام تقریباً دو گھنٹے جاری رہا۔
(رپورٹ: مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)