جماعت ہائے کیمرون میں جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے کیمرون کی جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کا انعقاد کیا گیا۔ اس عظیم الشان پیشگوئی کے مختلف پہلوئوں کو تقاریر میں اجاگر کیا گیا۔ حضرت مسیح موعودؑ کی اولاد کے متعلق نبی کریمﷺ کی پیشگوئی کو بھی وضاحت کے ساتھ احباب جماعت اور غیر احمدی دوستوں کے سامنے پیش کیا گیا۔
کیمرون کے ویسٹ ریجن کے فمبان (Foumban) شہر میں جماعت کی مسجد میں اجتماعی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں علاقہ کے پیرا مائونٹ چیف ہز ہائنس سلطان آف باموں مکرم نبیل جویہ صاحب اور قریبی جماعتوں کے دوست بھی تشریف لائے۔ اس موقع پر تقاریر کے علاوہ بچوں نے نظمیں بھی پیش کیں جن کو مہمان خصوصی نے بہت سراہا ۔ پروگرام کے آخر میں ریفریشمنٹ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ تمام احمدی و غیراحمدی احباب میں فرنچ زبان میں لٹریچر بھی تقسیم کیا گیا۔ اس پروگرام میں ۳۰۰؍سے زائد افراد نے شرکت کی۔
مورخہ ۲۰؍فروری سے قبل تین ٹی وی چینلز اور ریڈیو سٹیشنز پر یوم مصلح موعود کے متعلق پروگرام کیے گئے اور اعلانات بھی ہوتے رہے۔
اکثر جماعتوں نے یہ پروگرام انفرادی طور پر جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے دنوں میں کیے۔ پیشگوئی حضرت مصلح موعودؓ کے مختلف پہلوئوں پر تقاریر انگریزی اور فرنچ زبان میں کی گئیں۔ موقع کی مناسبت سے مقامی زبانوں فُلبَے، باموں اور مائوسا میں بھی تقاریر ہوئیں۔
اس موقع پر پیشگوئی مصلح موعود کے موضوع پر پمفلٹ فرنچ زبان میں ۳۰؍ہزار کی تعداد میں شائع کرکے جماعتوں میں اور غیر احمدی احباب میں تقسیم کیے گئے۔
(رپورٹ: عبد الخالق نیر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)