گنی بساؤ کے مختلف ریجنز میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کا انعقاد
خدا تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گنی بساؤ کو گذشتہ سالوں کی طرح امسال بھی جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ملک کی ہر جماعت میں بھرپور طریق پر جلسہ ہائے یوم مصلح موعود منائے گئے۔ ملک بھر میں ۷۷؍پروگرام ہوئے جن میں مجموعی حاضری چھ ہزار ۳۰۰؍رہی اور مختلف مقامات پر غیراز جماعت احباب نے بھی ان جلسوں میں شرکت کی اور حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی پیشگوئی یتزوج و یولد لہ کے عملی نظارے دیکھے اور سنے۔ احباب جماعت نے بھی پسرِ موعود کے عظیم کارناموں کے تذکرہ سے فائدہ اٹھایا۔مختلف جماعتوں میں پیشگوئی مصلح موعود پڑھ کر سنائی گئی اس کے علاوہ مختلف تقاریر کی گئیں جن میں خلافت ثانیہ میں ہونے والی ترقیات کا تذکرہ ،حضرت مصلح موعودؓ کی خدمت قرآن اور یوم مصلح موعود منانے کے اغراض و مقاصد شامل ہیں۔ تمام جماعتوں میں ان جلسوں کے انعقاد کا مقصد اور پھر حضرت مصلح موعودؓ کی دین اسلام کی خدمت کا اجمالی تذکرہ کیا گیا۔
دوران ماہ ملکی سطح پربھی دو مختلف ریڈیو پروگرامز میں پیشگوئی مصلح موعود کی بابت پروگرامز منعقد کیے گئے۔ الحمدللہ
تمام جماعتوں کے جلسوں میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں یہ بات احباب جماعت کو بتائی گئی کہ اصل مقصد تب حاصل ہوگا جب ہم اپنی ذات میں ان سب خوبیوں کو اپنانے والے ہوں گے۔
(رپورٹ: زاہد احمد بھٹی۔مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)