جماعت احمدیہ ناروے میں جلسہ یوم مسیح موعود کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ناروے کا جلسہ یوم مسیح موعود مورخہ ۲۳؍مارچ ۲۰۲۴ء کو بعد نماز عصر مسجد بیت النصر اوسلو میں منعقد ہوا۔ جلسہ کی صدارت مکرم چودھری ظہور احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ ناروے نے کی۔ جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، حدیث اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں شاہ نواز خان صاحب نیشنل سیکرٹری اشاعت نے نارویجن زبان میں ’’حضرت مسیح موعودؑ کی صداقت‘‘ اور مکرمہ انعم اسلام صاحبہ نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ نے نارویجن زبان میں ’’حضرت مسیح موعودؑ اور حقوق نسواں‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ اس کے بعد جماعت کے ممبران کے لیے جلسہ یوم مسیح موعود کی مناسبت سے آن لائن سوال و جواب تیار کیے گئے جو کہ پوری جماعت نے اپنے موبائل فون پر حل کیے۔ یہ پروگرام مجلس خدام الاحمدیہ کی طرف سے تیار کیا گیا تھا۔
بعد ازاں مکرم مصور احمد شاہکار صاحب مبلغ انچارج ناروے نے ’’حضرت مسیح موعودؑ سے جماعت کی ترقی اور مستقبل کے الٰہی وعدہ جات‘‘ اور جلسہ کی اختتامی تقریر مکرم امیر جماعت ناروے نے ’’افراد جماعت سے حضرت مسیح موعودؑ کی توقعات‘‘ کے موضوع پر کی۔ دعا سے اس جلسہ کا اختتام ہوا۔ جلسہ پر مرد و خواتین کی کُل تعداد ۴۷۰؍ رہی۔ اس کے بعد جماعت کے لیے افطار کا بھی انتظام تھا۔ افطار کے بعد مغرب و عشاء و تراویح ادا کی گئیں۔