ٹب مین برگ، لائبیریا میں احمدیہ مسلم کلینک کی خدمات کی ایک جھلک
لائبیریا کا شہر ٹب مین برگ (Tubmanburg) دارالحکومت منروویا (Monrovia) سے ۷۰؍کلومیٹر کی مسافت پر Bomi کاؤنٹی میں واقع ہے اور اس وقت اسے Bomi کاؤنٹی کے صدر مقام کی حیثیت بھی حاصل ہے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہاں پر احمدیہ مشن کا قیام دسمبر۲۰۰۴ء کو عمل میں آیا تھا۔ یہاں پر ایک ایکڑ جگہ حاصل کی گئی جس پر مشن ہاؤس، مسجد اور کلینک قائم کیا گیا۔ جون۲۰۰۷ء سے احمدیہ مسلم کلینک ٹب مین برگ نے اپنی خدمات کا آغاز کردیا۔
مکرم فضل محمود بھنوں صاحب ڈاکٹرانچارج احمدیہ مسلم کلینک بیان کرتے ہیں کہ مقامی آبادی کی اکثریت غربت کا شکار ہے ۔ ان کا ذریعہ معاش چھوٹے چھوٹے زرعی رقبہ کی کاشت پر یا پھر معمولی نوعیت کے کاروبار ہیں جس کے باعث ان کی آمدنی کافی کم ہے۔ ہم نے محسوس کیا کہ کلینک آنے والے مریضوں کی بیماریاں عموماً معمولی نوعیت کی ہوتی ہیں جن کا علاج نہایت ہی کم خرچ پر کیا جاسکتا ہے لیکن مالی کشائش نہ ہونے کی وجہ سے اور مقامی ہسپتال میں علاج کی سہولیات میں فقدان کے باعث لوگ بغرض علاج کلینک یا کسی بھی مرکز صحت کا رخ نہیں کرتےبلکہ اپنے طور پر ہی جڑی بوٹیوں سے علاج شروع کردیتے ہیں یا جادوٹونے کی طرف مائل ہو جاتے ہیں جس سے مرض مزید پیچیدگیوں کا شکار ہوجاتا ہے۔ چنانچہ اس تما م صورت حال کے پیش نظر ہم نے نومبر۲۰۲۳ءسےہر جمعہ کو مفت میڈیکل کیمپ کا اہتمام کرنا شروع کردیا جو تاحال جاری و ساری ہے۔ ایک مریض پر عموماً ۴؍امریکن ڈالرز خرچ آتا ہے۔ اس وقت تک اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایک ہزار ۵۷۴؍مریضوں کا مفت علاج کیا جا چکا ہے۔ اس دوران ۶۹؍حاملہ خواتین کو الٹراساؤنڈ کی مفت سہولت بھی دی گئی۔
سپرنٹنڈنٹ جیل کی درخواست پراب تک دو مرتبہ جیل کا بھی طبی دورہ کیاجاچکا ہے جہاں ۱۶۵؍قیدیوں کا معائنہ کیا گیا جن میں ملیریا، ٹائیفائیڈ، خارش اور معدہ کی بیماریوں کی تشخیص کی گئی۔ قیدیوں کے علاوہ جیل کے عملہ کے ۲۴؍اراکین کو بھی مفت علاج کی سہولت دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ ۳۰؍افراد کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین بھی لگائی جا چکی ہے۔ رمضان المبارک میں راشن بھی تقسیم کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ ہماری ان ادنیٰ مساعی کو قبول فرمائے۔ آمین