ایڈیٹر کے نام خط
انجینئر محمود مجیب اصغر صاحب سویڈن سے تحریر کرتے ہیں:۱۹؍اپریل ۲۰۲۴ء کے الفضل انٹرنیشنل میں خلیفۂ وقت کا دعا کے بارے میں جو خطبہ چھپا ہے وہ بہت comprehensive ہے۔ اگر حضرت مسیح موعودؑ اور آپؑ کے خلفاء کی دعا کے بارے میں تحریروں اور قبولیت دعا کے واقعات کو اکٹھا کیا جائے تو کم از کم سو جلدیں درکار ہوں گی ۔ انسان قدم قدم پر دعا کا محتاج ہے۔
حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں: ’’دعا کے ذریعہ سے دنیا کی کل حکمتیں ظاہر ہوئی ہیں۔ اور ہر ایک بیت العلم کی کنجی دعا ہی ہے اور کوئی علم اور معرفت کا دقیقہ نہیں جو بغیر اس کے ظہور میں آیا ہو۔‘‘ (ایام الصلح، روحانی خزائن جلد ۱۴صفحہ۲۳۰)
حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ نے ایک بار فرمایا: ’’خدا تعالیٰ نے قرآن عظیم میں اپنی رحمتوں کے حصول کے لئے بے شمار دروازے کھولے ہیں۔خدا تعالیٰ اپنے فضلوں کے دینے میں بخیل نہیں ہے یہ ہم ہیں جو اپنی جھولیوں کو سمیٹ لیتے ہیں اور اپنی مٹھیوں کو بند کر لیتے ہیںاوراس کے سامنے اپنے ہاتھوں کو نہیں پھیلاتے اس کا تو اس میں کوئی قصور نہیں۔پس اس کے اوپر توکل رکھو۔‘‘(افتتاحی خطاب برموقع جلسہ سالانہ ۲۶؍دسمبر ۱۹۷۵ءمطبوعہ خطابات ناصر جلد دوم صفحہ۹۴)
٭…٭…٭