آئیوری کوسٹ کی جماعت نامازارا(Namazara) میں مسجدکے سنگ بنیاد کی تقریب
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کے ریجن اگبوول (Agboville) کے ایک گاؤں Namazara میں جماعت کو کچھ عرصہ قبل ہی تین ہزار ۶۰۰؍مربع میٹر زمین خریدنے کی توفیق ملی۔ اس گاؤں میں احمدیت کا پیغام پہلی دفعہ ۱۹۹۶ء میں پہنچا تھا۔
مورخہ ۲۵؍مارچ۲۰۲۴ء بروز جمعرات اس جگہ جماعت کی مسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کے لیے عبدالقیوم پاشا صاحب امیر جماعت آئیوری کوسٹ، نیشنل عاملہ کے چند ممبران اور دو معلمین پر مشتمل ایک وفد صبح دس بجےگاؤں تشریف لایا۔ وفد کا استقبال مکرم بناؤ عبدالرزاق صاحب ریجنل مبلغ اور ریجن کے چند احمدی افراد نے کیا۔
تقریب سنگ بنیاد کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں ریجنل صدر جماعت نے حاضرین کو خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ گاؤں کے چیف کے نمائندہ نے جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا اور اس مسجد کی تعمیر کو گاؤں اور جماعت کی ترقی کا ذریعہ قرار دیا۔ گاؤں کی نوجوانوں کی تنظیم کے سربراہ نے اپنی گزارشات پیش کیں۔ بعد میں اس گاؤں کے امام نے جماعت کا شکریہ ادا کیا۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی دعا کا ذکر کرکے جو انہوں نے خانہ کعبہ کی تعمیر کے موقع پر کی تھی مساجد کی اہمیت اور ان سے پیار اور محبت کی تعلیم کا ذکر کیا۔ بعدازاں مکرم امیر صاحب نے رَبَّنَا تَقَبَّلۡ مِنَّاؕ اِنَّکَ اَنۡتَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ کی دعا پڑھتے ہوئےبنیاد کی پہلی اینٹ رکھی۔ اس کے بعد ممبران نیشنل عاملہ، گاؤں کے چیف کے نمائندہ، امام اور دوسرے لوگوں نے اینٹ رکھی اور اختتام پرمکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔ اس تقریب میں ۴۶؍افراد نے شرکت کی۔ یہ مسجد ۸۰؍مربع میٹر پر مشتمل ہے۔
اللہ تعالیٰ اس مسجد کو جماعت کی ترقی کا ذریعہ بنائے نیز احباب جماعت کو تعمیر مسجد کی اصل روح کے ساتھ اسے آباد رکھنے کی توفیق بھی عطا کرتا جائے۔ آمین
(رپورٹ: لقمان فرید احمد۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)