حالاتِ حاضرہ

جدید سائنسی خبریں (سائنس کی اہم خبروں کا خلاصہ)

٭…سائنسی جریدے نیچر میں شائع ایک تحقیق میں سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی زمین کی گردش کی رفتار کو متاثر کر رہی ہے جس کے باعث وقت کا پیمانہ بھی تبدیل ہوسکتا ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق گرین لینڈ اور انٹارکٹیکا سےبرف کا تیز پگھلاؤ دنیا کے سمندروں میں اضافی پانی شامل کر رہا ہےاور یہ زمین کی گردش کو تھوڑا سا سست کر رہا ہے لیکن سیارہ اب بھی پہلے سے کہیں زیادہ تیزی سے گھوم رہا ہے۔ اس کے باعث ہوسکتا ہے کہ ہمیں اپنی گھڑیوں سے ایک سیکنڈ کم کرنا پڑے۔

٭…ماہر فلکیات نے ایک تازہ تصویر شائع کی ہے جس میں ملکی وے (Milky Way) کے مرکزی بلیک ہول کے کنارے پر مضبوط مقناطیسی فیلڈ کو دیکھا جا سکتا ہے۔ ایونٹ ہوریزون ٹیلی سکوپ (EHT) کی جانب سے یہ نئی تصویر (Sagittarius A*) کے کنارے پر منظم مقناطیسی فیلڈ کو دکھاتی ہے۔ سائنسدانوں کا مزید کہنا ہے کہ حیران کن طور پر یہ فیلڈ M87کہکشاں کی مقناطیسی فیلڈ سے مماثلت رکھتی ہے۔

٭…امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) نے شدید یخ زدگی (frostbite) کے علاج کے لیے پہلی دوا کی منظوری دے دی ہے۔ یہ دوا، جسے آئلوپروست (Iloprost) کہا جاتا ہے، خون کی نالیوں کو کھول دیتی ہے اور یخ زدگی کے شکار مریضوں میں خون کے جمنے کو روکتی ہے۔ کلینیکل ٹرائل میں مثبت نتائج کے بعد، اب اس دوا کو بالغوں میں شدید یخ زدگی کے علاج اور انگلی یا پیر کے انگوٹھے کے کاٹنے کا خطرہ کم کرنے کے لیے، برانڈ نام ’آورلماین‘ کے تحت استعمال کے لیے منظور کر لیا گیا ہے۔ شدید یخ زدگی اس وقت ہوتی ہے جب جسم کے کچھ حصے، عام طور پر ہاتھ، ناک، کان، انگلیاں اور پیر کے انگوٹھے، ۳۲؍ڈگری فارنہائیٹ (صفر ڈگری سیلسیس) سے نیچے درجہ حرارت میں زیادہ دیر تک رہنے کی وجہ سے اس حصہ کے ٹشو منجمد ہوتے ہیں، تو یہ اس جگہ میں خون کے بہاؤ کو کم کر دیتا ہے، جس سے ٹشو کو آکسیجن کی کمی ہو جاتی ہے اور وہ مر جاتے ہیں۔ خون کے لوتھڑے بھی بن سکتے ہیں، جو خون کے بہاؤ کو مزید سست کر دیتے ہیں۔ اکثر، اس علاقے کو کاٹنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہتا۔

٭…امریکی ریاست ماساچوسٹس میں ایک شخص میں سؤر کے گردے کی پیوند کاری کی گئی ہےجو دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا کامیاب تجربہ ہے۔سائنسدان انسانی اعضاکی کمی کو دور کرنے کے ایک طریقے کے طور پر جینیاتی طور پر انجینئرڈ سوروں(Genetically modified Pigs) کو تیار کر رہے ہیں۔ حالیہ برسوں میں ایسے سؤر کے اعضاء کے ساتھ کئی تجربات کیے گئے ہیں، جن میں ایک دماغی طور پر مردہ مریض میں دوہری گردے کی پیوند کاری شامل ہے۔ اس کے علاوہ۲۰۲۲ء میں ایک شخص نے پہلی مرتبہ سؤر کے دل کی پیوند کاری کروائی تھی لیکن اس کے فوراً بعد ہی اس کی موت ہو گئی۔ اس تازہ ترین طبی سنگ میل میں، ماساچوسٹس جنرل ہسپتال کے سرجنوں نے پہلی بار ایک زندہ انسانی مریض میں سؤر کا گردہ پیوند کیا۔ ہسپتال کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، ۶۲؍سالہ مریض ۱۶؍مارچ کو کی گئی چار گھنٹے کی سرجری کے بعد تیزی سے صحت یاب ہو رہا ہے۔

٭…سائنسدانوں نے پہلی بار کمرے کے درجہ حرارت پر ’’کوانٹم میموریز‘‘کا ایک نیٹ ورک بنایا ہے۔ تحقیقی مقالے کے مطابق، دو فوٹونک کیوبٹس (فوتون، یا روشنی کے ذرات سے بنے کیوبٹس) کو کوانٹم سطح پر محفوظ رکھا اور بازیافت کیا۔ یہ ایک اہم پیش رفت ہے کیونکہ کوانٹم میموری ایک بنیادی ٹیکنالوجی ہے جو آنے والے ورلڈ وائیڈ ویب کی نئی نسل، کوانٹم انٹرنیٹ کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button