جماعت احمدیہ اٹلانٹا جارجیا امریکہ کے زیر اہتمام بین المذاہب تقریب افطار
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امریکہ کی ریاست جارجیا کی جماعت اٹلانٹا (Atlanta) کو مسجد بیت العطا میں مورخہ ۳۰؍مارچ ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ بین المذاہب افطار بعنوان ’’اسرائیل-فلسطین جنگ میں امن کا قیام‘‘ ایک تبلیغی تقریب منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ اس تقریب میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مقررین نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ پروگرام کے میزبان ڈاکٹر نصیر ہمایوں صاحب نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا۔ اس کے بعد پیس سمپوزیم یوکے ۲۰۲۴ء کے موقع پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطاب سے ایک ویڈیو کلپ دکھایا گیا۔ بعدازاں ہندو، سکھ، عیسائی، یہودی اور بدھ مت مسلک سے تعلق رکھنے والے مقررین نے اسرائیل-فلسطین جنگ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے فرمان سے اتفاق کیا۔ اس کے بعد حماد احمد صاحب مربی سلسلہ نے اپنی تقریر میں قرآن کریم کی روشنی میں قیام امن و انصاف کے متعلق اسلامی تعلیمات پیش کیں۔ پھر سینیٹر محترم شیخ رحمان صاحب نے کہا کہ ’’ہمیں ہر جگہ ناانصافی کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے اور میں اپنی آنے والی نسل کے بارے میں پر امید ہوں، وہ ہم سے بہتر ہے، مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں دنیا ایک بہتر جگہ ہوگی۔‘‘ اس کے بعد پیس سمپوزیم یو کے ۲۰۲۴ء کا ایک اَور ویڈیو کلپ دکھایا گیا۔
منصور طاہر صاحب صدر جماعت نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کا اختتام دعا، افطار اور نماز مغرب و عشاء کے ساتھ ہوا۔ مہمانوں کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ جس کے دوران مہمانوں نے اظہار خیال کیا کہ پروگرام بصیرت افروز تھا ۔ تقریب میں ۹۸؍غیر مسلم افراد نے شرکت کی۔ مہمانوں نے سوشل میڈیا پر تصاویر پوسٹ کیں اور جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ دو مقامی اخبارات میں بھی اس پروگرام کی رپورٹس شائع ہوئیں۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: عطیة الباری غنی۔امریکہ )