متفرق

ربوہ کا موسم(۲۶؍ اپریل تا ۳مئی ۲۰۲۴ء)

۲۶؍ اپریل جمعۃ المبارک کے دن نماز فجر کے وقت بوندا باندی ہورہی تھی ۔ آسمان بادلوں سے بھرا تھا ، ہوا بند تھی ۔ سات بجے کے قریب بادل چھٹ گئے اور سورج واضح طور پر چمکتا رہا ، دوپہر کے وقت ہوا تیز ہوگئی بلکہ اس نے آندھی کی شکل اختیار کرلی جس میں مٹی کی مقدار کم تھی۔ رات ساڑھے دس بجے کے قریب کچھ دیر کے لیے بارش ہوئی اور بادل چمکتے رہے۔ ہفتہ کےدن دھوپ تھی اور تیز ٹھنڈی ہوا نے موسم خوشگوار کردیا۔ رات گیارہ بجے بارش بھی ہوئی۔ اتوار کے روز مطلع جزوی طور پر ابر آلود تھا ، دھوپ نکلی ہوئی تھی ، ساتھ ٹھنڈ ی ہوا بھی رواں دواں تھی ۔ دو تین دنوں میں موسم میں گرمی کی شدت میں کافی کمی آگئی تھی۔ سوموار کو دوپہر سے پہلے تک کہیں کہیں بادل نظر آتے رہے ۔ بعد دوپہر آسمان بادلوں سے بھر گیا اور تیز ٹھنڈی ہوا چلتی رہی۔ چلنے والی اس سرد ہوا نے گرمی کا زور توڑ کر ٹھنڈ میں اضافہ کردیا ۔ چادریں کھیس اور سویٹرز پھر باہر نکل آئے ، ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۲۸؍کم سے کم ۱۶؍ درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ منگل کو آسمان پر کہیں کہیں بادل نظر آرہے تھے۔ تیز ٹھنڈی ہوا بھی چلتی رہی ۔ اس سے سورج کی تپش میں خاصی کمی آگئی ۔ بدھ کو مطلع صاف تھا لیکن تیز ٹھنڈی بادِ سبا نے موسم سرد بنادیا۔ جمعرات کو سورج کی تپش زیادہ تھی ، گرمی نے آہستہ سے اپنے قدم جمانے شروع کردیے۔ ہلکی ہوا بھی چلتی رہی تاہم آسمان جزوی طور پر ابر آلود تھا پھر بھی گرمی میں اضافہ محسوس ہورہا تھا۔ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ ۳۴؍اور کم سے کم ۲۳؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ (ابو سدید)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button