خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۳؍مئی ۲۰۲۴ء کے اختتام پر دنیا کے عمومی جنگی حالات کے لیے دعا کی تحریک کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ تاثر ہے کہ ceasefire کچھ عرصے کے لیے ہوجائے لیکن جو حالات نظر آرہے ہیں اس سے لگتا ہے کہ اگر ہو بھی جائے تو تب بھی فلسطینیوں پر ظلم ختم نہیں ہو گا۔تفصیل کے لیے ملاحظہ کریں صفحہ اوّل۔
٭…لیبر پارٹی کے امیدوار صادق خان تیسری مرتبہ لندن کے میئر منتخب ہوگئے۔صادق خان پہلی مرتبہ ۲۰۱۶ء میں لندن کے میئر منتخب ہوئے تھے۔میئر بننے سے پہلے صادق خان نے ۲۰۰۵ء سے ۲۰۱۶ءتک رکن پارلیمنٹ کے طور پر خدمات انجام دیں۔بطور میئر لندن صادق خان نے ہوپر کی منفرد سکیم متعارف کروائی، ہوپر سکیم کے تحت ایک ہی ٹکٹ میں ایک گھنٹے تک مسافر جتنی چاہیں بس اور ٹرام تبدیل کرسکتے ہیں۔ صادق خان نے لندن کی فضا کو بہتر بنانے کےلیے الٹرالوایمیشن زون کی متنازع سکیم بھی متعارف کروائی۔
٭…اسرائیلی فوج کے غزہ میں حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔غزہ شہر میں اسرائیلی بم باری میں دو بچوں سمیت ماں جاں بحق ہو گئی۔ جنوبی رفح میں اسرائیلی حملے میں تین فلسطینی زخمی ہو گئے۔عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ لبنان کے جنوبی علاقوں میں اسرائیل کی جانب سے متعدد حملے کیے گئے، جس کے بعد شمالی اسرائیل کے شہروں میں لبنان سے میزائل حملوں کا خطرہ ہے۔ دوسری جانب تل ابیب میں ہزاروں اسرائیلیوں نے حکومت کے خلاف ریلی نکالی۔ مظاہرین نے یہودی قیدیوں کی رہائی کے لیے اسرائیلی حکومت پر جنگ بندی معاہدے کے لیے زور دیا۔
٭…چینی صوبہ گوانگ ڈونگ میں موسلادھار بارش کے باعث سدرن چائنا ایکسپریس وے کا اٹھارہ میٹر کا ایک حصہ منہدم ہوگیا، جس کے نتیجے میں ۲۳؍گاڑیاں پہاڑ سے نیچے گرگئیں۔ اس حادثے کے نتیجے میں ۳۶؍افراد ہلاک، جبکہ زخمیوں کی تعداد تیس ہوگئی ہے۔
٭…فرعون ثانی کا تین ہزار ۴۰۰؍سال پرانا مجسمہ مصر واپس پہنچ گیا۔تین دہائی قبل مصر سے چوری کیا گیا قیمتی تاریخی مجسمہ ۲۰۱۳ء میں لندن کی گیلری میں فروخت کےلیے دیکھا گیا۔گیارہ سال میں مجسمہ کئی ممالک سے ہوتا ہوا سوئٹزرلینڈ پہنچا اور سوئس حکام کے تعاون سے واپس مصر کو مل گیا۔
٭… امریکہ نے مصنوعی ذہانت سے کنٹرول ہونے والے جنگی ایف 16طیاروں کا تجربہ کر لیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس تجرباتی طیارے میں امریکی فضائیہ کے سیکرٹری فرینک کینڈل سوار تھے جس نے کامیاب آزمائشی پرواز مکمل کی۔بعد ازاں سیکرٹری فرینک کینڈل نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے کردار کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یہ نہ ہونا ایک سیکیورٹی رسک ہے، اس وقت ہمیں اسے حاصل کرنا ہو گا۔رپورٹس کے مطابق طیارے کی رفتار ۵۵۰؍میل فی گھنٹہ تھی اور اس تجربے کی تیاریاں کافی وقت سے جاری تھیں جنہیں اطلاعات کے مطابق خفیہ رکھا گیا تھا۔رپورٹس کے مطابق امریکی فضائیہ نے اے آئی ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے جس کا مقصد ۲۰۲۸ء تک ایک ہزار سے زیادہ بغیر پائلٹ کے جنگی طیاروں کی کھیپ تیار کرنا ہے۔