برکینا فاسو کے بتیسویں جلسہ سالانہ کا پہلا دن
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ برکینافاسو کا بتیسواں جلسہ سالانہ مورخہ ۹ سے ۱۱؍مئی ۲۰۲۴ء کو منعقد ہو رہا ہے۔ مکرم عمر فاروق یحیٰ صاحب مبلغ سلسلہ گھانا اس جلسہ میں بطور مرکزی نمائندہ شرکت کر رہے ہیں۔
پہلے دن کی کارروائی
صبح چار بجے نماز تہجد سے دن کا آغاز ہوا۔ نماز تہجد حافظ اچیدے سلام صاحب نے پڑھائی۔ جلسہ میں شامل ہونے والے وفود گزشتہ روز دور دراز سے سفر کرکے آئے تھے اس کے باوجود احباب وخواتین نماز تہجد میں شوق سے شامل ہوئے۔ بعد نماز فجر جلسہ کے اغراض و مقاصد پر حافظ محمد بلال طارق صاحب نے درس دیا۔ بعد ازاں خدام نے اجتماعی وقار عمل کر کے جلسہ سائٹ کو صاف کیا۔
صبح ساڑھے نو بجے پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ مرکزی نمائندہ نے لوائے احمدیت اور مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت برکینافاسو نے برکینافاسو کا پرچم لہرایا۔ مہمان خصوصی نے دعا کروائی۔
پہلے اجلاس کی صدارت مرکزی نمائندہ صاحب نے کی جس میں تلاوت اور نظم کے بعد مکرم امیر صاحب نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں جلسہ کے اس سال کے موضوع ’’پائیدار امن عالم کے لیے اسلامی تعلیمات‘‘ پر حسن جنگانی مبلغ سلسلہ نے تقریر کی۔ پھر مہمانوں کے تاثرات پر مشتمل خطابات ہوئے۔ مہمانوں میں دو ہائی کمشنر، متعدد حکومتی شخصیات اور اپنے اپنے علاقوں کے روایتی چیفس شامل تھے۔
پریس اینڈ میڈیا
اس موقع پر مقامی میڈیا کے متعدد نمائندگان موجود تھے۔ جنہوں نے نہ صرف جلسہ کی کارروائی کو کور کیا بلکہ اجلاس کے بعد مہمان خصوصی، امیر جماعت، افسر جلسہ سالانہ، صدر لجنہ اماء اللہ گھانا وغیرہ کے انٹرویوز بھی کیے۔
دوسرا اجلاس
نمازوں کھانے اور وقفہ کے بعد شام ساڑھے چار بجے دوسرے اجلاس کا آغاز سومانا احمدو صاحب نائب امیر اول برکینافاسو کی صدارت میں ہوا۔ تلاوت کے بعد مدح رسولﷺ میں حضرت مسیح موعود ؑ کا عربی قصیدہ خوبصورتی کے ساتھ پڑھا گیا۔ جس نے حاضرین کو بہت متاثر کیا۔ پھر سیرت النبی ﷺ پر فرنچ تقریر ’’آنحضرتﷺ کا دشمنوں سے حسن سلوک ‘‘ کے موضوع پر ہوئی۔
نمازوں اور کھانے کے وقفہ کے بعد چھ زبانوں جولا، فل فل دے، بیسا، مورے، انگریزی اور اردو میں اجلاس شبینہ منعقد ہوئے۔ ان اجلاسات میں دو تقاریر رکھی گئی تھیں۔ ’’صحابہ رسولﷺ کی عشق و وفا اور داستانیں‘‘ اور ’’آمد مسیح موعودؑ از روئے قرآن و حدیث‘‘۔
اس دفعہ پہلی بار اردو اجلاس شبینہ کو بھی پروگرام میں شامل کیا گیا تھا جس میں مبلغین کرام ان کی فیملیز اور دیگر اردو بولنے والے احباب شامل ہوئے۔ یہ اجلاس بھی بہت کامیاب رہا اور رات بارہ بجے اختتام پذیر ہوا۔
جلسہ میں گھانا، گیمبیا، آئیوری کوسٹ بینن وغیرہ ممالک کے وفود بھی شامل ہیں۔
جلسہ سالانہ برکینافاسو کی تازہ اپڈیٹس کے لیے دیکھتے رہیں الفضل انٹرنیشنل۔