جماعت احمدیہ لائبیریا کے زیر اہتمام رمضان المبارک میں مقابلہ حسن قراءت و مقابلہ دینی معلومات
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بومی کاؤنٹی، لائبیریا کو گذشتہ چار سال سےرمضان المبارک میں آن لائن مقابلہ حسن قراءت کے انعقاد کی توفیق مل رہی ہے۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
اس مقابلے کا انعقاد مقامی ریڈیو سٹیشن ELRB- Radio Bomi پر کیا جاتاہے جس کی سروس Bomi کاؤنٹی کے علاوہ دیگر تین کاؤنٹیز میں بھی سنی جاتی ہے۔ اس مقابلہ میں مسلمانوں کو حصہ لینے کی دعوت عام دی جاتی ہے۔ رمضان المبارک سے پہلے اعلان کروا کر قراء کو مقابلہ کے قواعد و ضوابط اور طریقہ کار سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ یہ مقابلہ چار مرحلوں میں منقسم ہوتاہے۔ پہلے مرحلہ میں ہر قاری کو اپنی پسند کے منتخب حصہ کی تلاوت کی اجازت ہوتی ہے۔ جبکہ باقی مرحلوں میں جج صاحبان کی طرف سے کچھ حصہ مختص کرکے قاری کو پڑھنے کے لیے کہا جاتا ہے۔ اس طرح مقابلہ کے معیار پر پورا نہ اترنے والے قراء مرحلہ وار کم ہوتے جاتے ہیں جن کی تعداد آخر پر صرف چار رہ جاتی ہے۔
ابتدائی تین مرحلوں میں قراء آن لائن ہی اس مقابلہ میں حصہ لیتے ہیں جبکہ آخری مرحلہ میں وہ ریڈیو سٹیشن کے دفتر تشریف لےآتے ہیں جہاں ان کے مابین مقابلہ کروایا جاتا ہے۔
مقابلہ حسن قراءت کا انعقاد بروز جمعہ کیا جاتا رہا۔ امسال تیس قراء نے اس مقابلہ میں حصہ لیا۔ میزبان اور ججز کے فرائض معلمین سلسلہ نے انجام دیے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پہلی چاروں پوزیشنز احمدی قراء نے حاصل کیں جن میں آصف احمد صاحب مبلغ سلسلہ بومی کاؤنٹی نے نقد انعامات تقسیم کیے۔ اس کا اہتمام مجلس خدام الاحمدیہ لائبیریا کی طرف سے کیا گیا تھا۔
مقابلہ حسن قراءت کے علاوہ مقابلہ دینی معلومات کا بھی اسی طریق پر انعقاد کیا گیاجو بروز سوموارمنعقد کیا جاتا رہا۔ مقابلہ دینی معلومات کے انعامات مجلس انصاراللہ لائبیریا کی طرف سے دیے گئے۔
دوران مقابلہ جات سامعین فون کالز کے ذریعہ حوصلہ افزائی بھی کرتے رہے۔
Varney Gbah صاحب کا کہنا تھا کہ میں باقاعدگی سے آپ کا پروگرام سنتا ہوں اور رمضان المبارک میں بھی مقابلہ حسن قراءت کو سننے کا موقع ملا۔ اس مقابلہ کے انعقاد سے بہت خوشی ہوئی کہ کس طرح چھوٹی عمر کے بچے بھی بڑی عمدگی اور روانی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ عموماً افریقہ میں چھوٹے بچوں کو قرآن کریم سکھانے کی طرف توجہ نہیں دی جاتی لیکن جس طرح جماعت احمدیہ قرآن کریم کی خدمت میں مصروف ہےاس کا پھل ہم آج ان بچوں کے قرآن کریم سیکھنے اور پڑھنے کے شوق کی صورت میں دکھا رہے ہیں۔
امام Adama Sambollahصاحب کاکہنا تھا کہ رمضان میں آپ کا پروگرام سن کر بہت اچھا لگا کہ جماعت احمدیہ کے توسط سے تلاوت قرآن کریم کے مقابلہ کا انعقاد کیا گیا جس سےمسلمانوں میں قرآن مجید سیکھنے کا شعور بیدار ہوگا۔ ایسے پروگرام گاہے بگاہے ہوتے رہنے چاہئیں۔
پروگرام کے دوران سامعین کے سوالات کے جواب بھی دیے جاتے رہے اور قرآن کریم سیکھنے اور اس پر عمل کرنے کی برکات کو بھی اجاگر کیا جاتا رہا۔
اللہ تعالیٰ ہماری اس ادنیٰ مساعی کو قبول فرمائے۔ آمین
(رپورٹ : فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)