متفرق

ربوہ کا موسم(۱۰ تا ۱۶؍مئی ۲۰۲۴ء)

۱۰؍مئی جمعۃ المبارک کو مطلع صاف تھا ، بعد دوپہر ہوا چلنا شروع ہوگئی ، جس سے موسم معتدل بن گیا۔ شا م تک ہوا میں تیزی آگئی اور ساتھ ہی مغرب کے افق پر بادل نظر آئے اور مغرب کی نماز کے بعد آندھی چلنا شروع ہوگئی یہ اتنی تیز تھی کہ بعض درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور بعض کے بڑے بڑے ٹہنے ٹوٹ گئے جو بجلی کی تاروں پر گرے اور ان کو توڑ دیا جس سے رات گیارہ بجے تک بجلی کی رو منقطع رہی۔ آندھی کی وجہ سے گھروں کے اندر باہر مختلف چیزوں پر مٹی کی دبیز تہ چڑھ گئی۔ آندھی کے بعد بارش بھی ہوئی جس سے گلیوں کی مٹی بیٹھ گئی اور پھر ٹھنڈی ہوا چلتی رہی۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۹؍ اور کم سے کم ۲۵؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ ہفتہ کو گذشتہ دن کے خوشگوار موسم کا اثر قائم تھا ۔ ہوا چل رہی تھی عصر کے بعد بادل دوبارہ آسمان پر چھا گئے اور مغرب کے بعد تیز بارش ہوئی جو وقفے وقفے سے ساری رات جاری رہی۔ بادلوں میں گرج ، چمک اور کڑک بھی تھی۔ اتوار کی صبح نماز فجر کے وقت بھی بارش ہورہی تھی، جس کے ساتھ بجلی خوب چمکی۔ نیز بارش کے ساتھ بادلوں کی گڑگڑاہٹ بھی جاری رہی۔ بارش صبح آٹھ بجے تک ہوتی رہی پھر مطلع جزوی طور پر صاف ہوگیا اور دھوپ نکل آئی لیکن ٹھنڈی ہوا نے موسم خوشگوار بنائے رکھا۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۷؍ اور کم سے کم ۲۴؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ سوموا ر کو آسمان صاف تھا اور موسم گرم اور خشک تھا۔ منگل کو بھی تقریباًایسا ہی موسم تھا ،ہوا نے تمازت میں قدرے کمی کردی۔ بدھ کو گرمی بڑھنا شروع ہوگئی ، سورج پوری آب و تاب سے چمک رہا تھا۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۴۲؍ اور کم سے کم ۲۴؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ جمعرات کو گرمی نے مزید زور پکڑ لیا ۔ گرمی اپنے پر پھیلائے ملک میں براجمان ہوگئی ہے ۔ دوپہر کو لو چلتی رہی اور جھلسا دینے والی گرمی پڑتی رہی۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۴۳؍ اور کم سے کم ۲۸؍درجہ سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔(ابو سدید)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button