آسٹریلیا کے شہید فراز احمد طاہر صاحب کی نماز جنازہ کی ادائیگی اور تدفین
وزیراعظم، پریمیئر، متعددسرکاری و غیرسرکاری شخصیات کی شرکت اور شہید کی جرأت و بہادری پر خراج تحسین
شہید فراز احمد طاہر جو مورخہ۱۳؍اپریل ۲۰۲۴ءکو آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے علاقہ بونڈائی جنکشن کے شاپنگ سینٹر ویسٹ فیلڈ میں قاتلا نہ حملہ میں دیگر افراد کو بچاتے ہوئےشہید ہوئے۔ ان کی نماز جنازہ ادا کیے جانے کے بعد ان کا جسد خاکی دعاؤں کے ساتھ مقامی احمدیہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تابوت میں بند شہید مرحوم کا جسد خاکی مورخہ ۲۶؍اپریل بروز جمعہ صبح گیارہ بجے مسجد بیت الہدیٰ سڈنی، آسٹریلیا لایاگیا اور چہرہ دکھانے کے لیے خلافت ہال میں رکھ دیا گیا تھا۔ سب سے پہلے شہید مرحوم کے لواحقین جو بیرون ملک سے آئے تھے ان کو موقع دیا گیا جس کے بعد احباب جماعت نے مرحوم شہید کا آخری دیدار کیا۔
نماز جنازہ کے لیے مسجد کے عقب میں مشرقی سبزہ زار میں انتظام کیا گیا تھا۔ زمین پر نماز کی صفوں کے لیے نشاندہی پہلے سے ہی کر دی گئی تھی۔ ملک کی اہم اور نمایاں شخصیات اور دیگر غیر از جماعت افراد مہمانو ں کے لیے ایک علیحدہ مارکی لگاکر ان کے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا تھا۔
اس موقع پر ملک کی ۲۵؍اہم شخصیات شہید مرحوم کے جنازہ میں شامل ہو نے کے لیے تشریف لائی تھیں جن میں آسٹریلیا کے وزیر اعظم جناب انتھونی البنیزی (Anthony Albanese)، ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے پریمیئر جناب کرس منس (Chris Minns)، بعض وفاقی اور ریاستی ممبران پارلیمنٹ، آسٹریلیا میں مقیم پاکستان کے ہائی کمشنر جناب زاہد حفیظ چودھری خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ ان کے علاوہ مقامی پولیس، پریس کے اخباری نمائندے، آسٹریلیا کے تین بڑے ٹی وی چینلز( چینل 7، 9 اور 10) کے نمائندے بھی نماز جنازہ کی کوریج کے لیے موجود تھے۔
نماز جنازہ کی ادائیگی سے قبل مکرم محمد عطاء ربی ہادی صاحب مربی سلسلہ نے حاضر افرد کی آگاہی کے لیے نماز جنازہ کے طریق کو انگلش زبان میں پیش کیا اور نماز جنازہ سے متعلق بعض امور کی وضاحت کی جس کے بعد رمضان شریف صاحب نے چند تعارفی کلمات کہے۔ بعد ازاں مولانا انعام الحق کو ثر صاحب امیر و مشنری انچارج آسٹریلیا نے چند تعزیتی کلمات کہے۔
مکرم امیر صاحب کا اظہار تعزیت اور معزز مہمانو ں کے لیے استقبالیہ کلمات:مکرم امیر صاحب نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور شہید مرحوم کی نماز جنازہ میں تشریف لانے کے لیے ان کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ اس واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کے لیے دعائیہ کلمات اور ان کی جلد شفایابی کے لیے دعا کی۔ اس کے بعد آپ نے آسٹریلین پولیس اور آگ بجھانے والے اہلکار اور اس واقعہ کے بعد دیگر خدمات بجانے لانے والے کارکنان کا بھی شکریہ ادا کیا۔ پھر جماعت احمدیہ کی ذیلی تنظیم مجلس خدام الاحمدیہ کا تعارف پیش کرتے ہوئے اس کے عہد کے حوالے سے بتایا کہ ہر خادم یہ عہد کرتا ہے کہ وہ اپنی جان، مال، وقت اور عزت کوقربان کرنے کے لیے تیار ہے۔ شہید مرحوم نے یہ عہد پورا کر کے دکھایا ہے۔ آپ نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کے دیگر خدام نے ’’فراز کا تحفہ‘‘ کے نام سے عطیہ خون دینے کی پورے ملک میں ایک مہم چلائی ہے جس میں شہید مرحوم کی قربانی کی طرح دیگر خدام بھی اپنے خون کا عطیہ پیش کرکے ملک کی خدمت کریں گے اور یہ جماعت کے کیلنڈر کا ایک مستقل پروگرام رہے گا۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے ایک بار پھر سب معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے دعائیہ کلمات کہے۔
آسٹریلیا کے وزیر اعظم کا اظہار تعزیت: مکرم امیر صاحب کے بعد آسٹریلیا کے وزیر اعظم حاضرین سے مخاطب ہوئے۔ یہ پہلا موقع تھا کہ آسٹریلیا کے وزیر اعظم جماعت کی کسی تقریب میں شامل ہو رہے تھے اور انہوں نے سب سے پہلے شہید فراز احمد کی رحلت پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہو ں نے کہا کہ فراز طاہر کی زندگی کایہ مفہوم سامنے آیا ہے کہ کچھ لیا ہے تو کچھ دینا بھی ہوگا۔ اس کے مطابق اس کے قریبی لوگوں نے بھی فراز طاہر کو سراہا ہے تو اسی بات کا خصوصی ذکر کیا ہے کہ اس کے اندر ایک احساسِ ذمہ داری تھا اپنی اس قوم کے لیے جس نے اسے پناہ دی اور اس جماعت کے لیے بھی جس نے اسے قبول کیا۔ بعد ازاں وزیر اعظم نے خون کے عطیہ کی مہم کو سراہا اور کہا یہ ایک عظیم اوربےلوث خدمت انسانیت ہے۔
ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے پریمیئر (وزیر اعلیٰ) کا اظہار تعزیت: وزیر اعظم کے بعد ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے وزیر اعلیٰ(پریمیئر) نے مختصر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے شہید مرحوم کے گھرانے کے افراد، دوستوں اور سب عزیزوں سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ مرحوم فراز طاہر ایک ہیرو کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
نماز جنازہ کی ادائیگی: اس کے بعد تابوت میں میت لائی گئی اور احباب کو نماز جنازہ کے لیے صفیں درست کرنے کا کہا گیا اور مکرم امیرصاحب نے شہید مرحوم کی نماز جنازہ پڑھائی۔ نماز جنازہ ادا ہو نے کے بعد جماعت کے مقامی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ قبرستان میں محدود افراد کو جانے کی اجازت دی گئی تھی جس میں شہید مرحوم کے لواحقین (تینو ں بھائی اور چچا) اور بعض احباب جماعت شامل تھے۔ قبر تیار ہونے پر مکرم امیرصاحب نے دعا کروائی۔
جنازے کے موقع پر شامل ہو نے والی اہم شخصیات:
جنازہ کے موقع پر جو اہم شخصیات شامل ہو ئیں ان کے نام ذیل میں درج کیے جا رہے ہیں:
•-Honourable Prime Minister of Australia Anthony Albanese پرائم منسٹر انتھونی البنیزی
•- Honourable Premier of the state of NSW Chris Minnsپریمئر کرس منس
•- Honourable Ed Husic Federal MPوفاقی ممبر پارلیمنٹ ایڈ ھیوسچ
•- Honourable Michelle Rowland Federal MP وفاقی ممبر پارلیمنٹ جناب میشل رولینڈ
•- Dr Andrew Charlton Federal MP وفاقی ممبر پارلیمنٹ جناب اینڈریو چالٹن
•- Honourable Alex Hawke Federal MP وفاقی ممبر پارلیمنٹ جناب الیکس ہاک
•- Mehreen Faruqi Senatorسینیٹر محترمہ مہرین فاروقی
•- Honourable Mark Speakman Leader of the opposition of the state on NSWنیو ساؤتھ ویلز کے حزب اختلاف کے لیڈر مارک اسپیک مین۔
•- Honourable Stephen Kamper State MP وفاقی ممبر پارلیمنٹ جناب اسٹیفن کیمپر
•- Mr Warren Kirby State MPمقامی اسٹیٹ ممبر پارلیمنٹ جناب وارن کربی
•- Mr Edmond Atalla State MP مقامی اسٹیٹ ممبر پارلیمنٹ جناب ایڈمنڈ اٹلاّ
•- Ms Donna Davis State MP مقامی اسٹیٹ ممبر پارلیمنٹ محترمہ ڈونا ڈیوس
•- Dr Marjorie O‘Neill State MP مقامی اسٹیٹ ممبر پارلیمنٹ جناب مرجوری او نیل
•- Ms Kelly Sloane State MP مقامی اسٹیٹ ممبر پارلیمنٹ محترمہ کیلی سلون
•- Dr Hugh Mcdermott State MP مقامی اسٹیٹ ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر ہاف میک ڈورمیٹ
•- Ms Charishma Kalianda State MP مقامی اسٹیٹ ممبر پارلیمنٹ محترمہ کرشمہ کالینڈا
•- Mr Zahid Hafeez Chaudhri High Commissioner of Pakistanپاکستان کے ہائی کمشنر برائے آسٹریلیا جناب زاہد حفیظ چودھری
•- Honourable Phillip Ruddock Mayor of Hornsby City Councilمیئر برائے ہانسبی کونسل جناب فلپ راڈک
•- Councillor Chris Quickly Deputy Mayor of Blacktown City Councilبلیک ٹاؤن کونسل کے ڈپٹی میئر کونسلر کرس کیکلی
•- Councillor Moninder Singh Blacktown City Councilکونسلر منندر سنگھ
•- Councillor Bob Fitzgerald Blacktown City Councilکونسلر باب فز جیرالڈ
•- Councillor Sameer Pandey Parramatta City Councilکونسلر سمیر پانڈے
•- Councillor Livingstone Chettipally Blacktown City Councilکونسلر لیونگ اسٹون چیٹی پلی
اللہ تعالیٰ شہید مرحوم کے درجات بلند فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: قمر داؤد کھو کھر۔ مربی سلسلہ آسڑیلیا)