خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۳۱؍مئی ۲۰۲۴ء میں دنیا کے عمومی جنگی حالات کے لیے دعا کی تحریک کرتے ہوئے فرمایا کہ فلسطینیوں کے لیے خاص طور پر دعا کریں۔اب تو انتہا ہوگئی ہے۔اسی طرح اپنی قوم کے ہاتھوں مظالم کا شکار سوڈان کے لوگوں، یمن کے اسیران اور پاکستان کے احمدیوں کے لیے بھی خصوصی دعا کی تلقین فرمائی۔ تفصیل کے لیے ملاحظہ کریں صفحہ اوّل۔
٭…ہیومن رائٹس کمیشن کی پریس ریلیز کے مطابق پاکستان میں ایک بار پھر تحریک لبیک کے ملاں کی جانب سے جماعت احمدیہ کو کھلے عام جان کی دھمکیاں دے کر خوف میں مبتلا کیا گیا ہے۔ عید الاضحٰی کی آمد ہے جب دنیا بھر کے مسلمان سنت ابراہیمی کے تحت جانور ذبح کرتے ہیں۔ گذشتہ چند سالوں کی طرح امسال بھی پاکستان میں جماعت احمدیہ کے خلاف مذموم منظم تحریک چلا کر انہیں قربانی سے روکا جا رہا ہے۔ تحریک لبیک جہلم کے ایک لیڈر ملا عاصم اشفاق رضوی نے جہلم کی احمدیہ مسجد کے باہر جلوس سے تقریر کرتے ہوئے کھلے عام اعلان کیاہے کہ اگر کسی ایک ’قادیانی‘ نے بھی کوئی ایک جانور ذبح کرنے کی کوشش کی تو پھر جہلم کے اندر قادیانیوں کو ہم لٹکا کے رکھ دیں گے۔ IHRC نے مطالبہ کیا کہ اس قسم کے غیر قانونی اقدام سے ایسی تنظیموں کو روکا جائے اور پاکستان کے احمدی شہریوں کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔
٭… سعودی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں غیر قانونی داخلے پر سزا کا نفاذ اتوار ۲تا ۲۰؍جون ہو گا۔ سعودی وزارتِ داخلہ کے مطابق مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں داخلہ غیر قانونی حج شمار ہو گا، ۱۰؍ہزار ریال جرمانہ ہو گا اور غیرملکی کو بےدخل کر کے بلیک لسٹ کیا جائے گا۔ بغیر اجازت نامہ عازمین کو مکہ لے جانے پر ۶؍ماہ قید اور ۵۰؍ ہزار ریال جرمانہ ہو گا۔ بغیر اجازت نامہ عازمین کو مکہ لے جانے والے کی گاڑی بھی ضبط کی جائے گی۔
٭… غزہ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد ۳۶؍ہزار ۳۷۹ ہوگئی جبکہ ۸۲؍ہزار ۴۰۷؍فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب امریکی ریاست اوکلاہوما میں غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے ’قبضہ جرم ہے‘،’اسرائیل فلسطین سے نکلو‘کے نعرے لگائے۔ فرانس میں ہزاروں افراد نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا، پیرس میں فلسطینی پرچم لہراتے لوگوں نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ بھارت میں بھی فلسطین کے حق میں مظاہرہ ہوا، فلسطین آزاد کرو کے نعرے لگاتے مظاہرین نے مودی حکومت سے اسرائیل سے تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
٭…اسرائیلی ایوان نمائندگان کی جماعت نیشنل یونٹی نے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ ۱۲۰؍سیٹوں پر اسرائیلی پارلیمنٹ میں نیشنل یونٹی کی ۸؍سیٹیں ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم کی جماعت لیکوڈ پارٹی نے قبل از وقت انتخابات کے مطالبے کی مذمت کی ہے۔ لیکوڈ پارٹی کا کہنا ہے کہ جنگ کے دوران اسرائیل کو تقسیم کی نہیں اتحاد کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر اسرائیلی حکومت کی تحلیل حماس رہنما یحیٰی سنوار کے لیے انعام ہوگا۔ اسرائیلی وزیر بینی گینٹز کی جماعت نیشنل یونٹی پارٹی نے پارلیمنٹ تحلیل کر کے نئے انتخابات کرنے کا بل پیش کیا تھا۔
٭…سپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے فلسطین کو باضابطہ آزاد ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر دیاہے۔ وزیرِ اعظم پیڈرو سانچیز نے کہا ہے کہ فلسطین پر مظالم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، امن کا قیام ہم سب کی ذمے داری ہے۔فلسطین کو تسلیم کرنا اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے، فلسطین کو تسلیم کرنا تاریخی لمحہ ہے۔
٭…آئرلینڈ کے وزیر خارجہ مائیکل مارٹن نے کہا ہے کہ یورپی یونین غزہ میں اسرائیلی جنگ پر اسرائیل کے خلاف پابندیوں پر غور کر رہا ہے۔ اسرائیل عالمی عدالت کا فیصلہ نہیں مانتا تو اس پر یورپی یونین کی پابندیاں لگ سکتی ہیں، اسرائیل کے خلاف یورپی یونین کی پابندیوں کی آئرلینڈ حمایت کرے گا۔
٭…سلووینیا کی جانب سے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے پر اسرائیلی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ سلووینیا کا فلسطین کو ریاست تسلیم کرنا حماس کو انعام دینا ہے، سلووینیا کے اس اقدام سے ایران کے حمایتی گروپوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور سلووینیا کےعوام کی دوستی متاثر ہوگی، امید ہے سلووینیا کی پارلیمنٹ حکومت کا فیصلہ مسترد کردے گی۔