پیغام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز برموقع تقریب تقسیم اسناد جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا
مکرم پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
آپ نے جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کی کانووکیشن کے موقع پر پیغام بھجوانے کی درخواست کی ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی یہ تقریب ہر لحاظ سے مبارک فرمائے۔ فارغ التحصیل ہونے والے مربیان ہمیشہ یاد رکھیں کہ جامعہ احمدیہ کی بنیاد خود حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے رکھی ہے اور اس کے قیام کا مقصد ایسے لوگ تیار کرنا ہے جو دین کو دنیا پر مقدم کرنے والے ہوں اور تبلیغ اسلا م کیلئے دلائل اور براہین اور تزکیہ نفوس کے ہتھیاروں سے لیس ہو کرخدمت دین کے لئے اپنی زندگیاں بسر کرنے والے ہوں۔
حضرت مسیح موعو دعلیہ السلام فرماتے ہیں: ’’ہماری غرض مدرسہ کے اجراء سے محض یہ ہے کہ دین کو دنیا پر مقدم کیا جائے۔ مروّجہ تعلیم کو اس لئے ساتھ رکھاہے کہ یہ علوم خادم دین ہو ں ہماری یہ غرض نہیں کہ ایف اے یا بی اے پاس کر کے دنیا کی تلاش میں مارے مارے پھریں ہمارے پیش نظر تو یہ امر ہے کہ ایسے لوگ خدمت دین کے لئے زندگی بسر کریں اور اسی لئے مدرسہ کو ضروری سمجھتاہوں کہ شاید دینی خدمت کے لئے کام آسکے۔‘‘
نیز فرمایا: ’’ یہاں سے واعظ اور علماء پیدا ہوں جو آئندہ ان لوگوں کے قائم مقام ہوتے رہیں جو گزرتے چلے جاتے ہیں۔ سب سو چو کہ اس مدرسہ کو ایسے رنگ میں رکھا جاوے کہ یہاں سے قرآن دان، واعظ اور علماء پیدا ہوں جو دنیا کی ہدایت کا ذریعہ ہوں۔‘‘
پس آپ جو اس مقدس ادارہ میں دینی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان مقاصد کو اپنے مدنظر رکھیں اور ان کو پورا کریں۔ دین کو دنیا پر مقدم کرنے والے بنیں۔ قرآن کریم کا خوب علم حاصل کریں۔ عبادت کے اعلیٰ معیار قائم کرنے والے بنیں۔ مربی بن کر اپنے اعلیٰ اخلاق ۔ کردار اور عملی نمونوں سے اپنے علاقہ کے لوگوں کو اسلام کے نور سے منور کریں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔
جامعہ احمدیہ یوکے کی کانووکیشن یکم جون بروز ہفتہ ہو رہی ہے۔ اس موقع پر فارغ التحصیل مربیان کو جو ہدایات دوں گا، آپ وہ بھی اس پیغام میں شامل کرلیں۔