ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ ۲۰۲۴ء

ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ: پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں چھ رنزسے شکست،ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کے امکانات معدوم

مینزٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2024ء

میچ نمبر: 19 (گروپ اے)

پاکستان بمقابلہ بھارت

(India vs Pakistan)

نساؤکاؤنٹی،نیویارک

9جون 2024ء

ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔ یوایس اے سے کڑوی ہار کے بعدروایتی حریف بھارت نے بھی ایک مرتبہ پھرعالمی ٹورنامنٹ میں پاکستان  کو  شکست دوچارکردیا۔ اوراب پاکستانی ٹیم کےورلڈکپ میں آگے بڑھنے کے امکانات اگر مگر کا شکار ہیں۔انہیں نہ صرف اپنے آئندہ دو مقابلے کینیڈااورآئرلینڈکے خلاف جیتنے ہوں گے بلکہ گروپ کے دیگرمیچز کے نتائج پر بھی انحصارکرناپڑے گا۔

اتوارکے روزنیو یارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل ا سٹیڈیم میں کھیلے گئےبڑے مقابلہ میں بھارت کے 119 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 113 رنز ہی بنا سکی اور بھارت نے 6رنزسے اہم کامیابی سمیٹی۔

پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کرباؤلنگ کا درست فیصلہ کیا۔ بارش کے باعث میچ ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔ اوربھارتی بیٹنگ کا آغازاچھا نہ تھا۔19کے مجموعے پرویرات کوہلی (Virat Kohli)اورروہت شرما(Rohit Sharma) اپنی وکٹ گنوابیٹھے۔اس کے بعد وکٹ کیپر رشبھ پنت(Rishabh Pant)اورآل راؤنڈراکشرپٹیل(Axar Patel)نے بہترکھیل پیش کیا اور پاورپلے کے چھ اوورزمیں 50رنزمکمل کرلئے۔

10اوورزکے اختتام پر بھارت نے تین وکٹ کے نقصان پر81رنزبنالئے تو ان کی پوزیشن خاصی مستحکم لگ رہی تھی۔لیکن اس کے بعد پاکستان کی طرف سے زبردست کم بیک کیا گیااور بھارت کی وکٹیں تیزی سے گرنے لگیں۔بیٹنگ کے لئے مشکل پچ پرآزادانہ اسٹروکس کھیلنا آسان نہ تھا،چنانچہ بھارتی ٹیم 19اوورزمیں 119رنزبناکرآؤٹ ہوگئی۔

رشبھ پنت(Rishabh Pant)نے چھ چوکوں نے مددسے 31گیندوں پرسب سے زیادہ 42رنزبنائے۔اکشر پٹیل 20 اور روہت شرماکے 13رنزکے علاوہ کوئی بلےبازدس کاہندسہ عبورنہ کرسکا۔

پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب باؤلرنسیم شاہ(Naseem Shah)رہے جنہوں نے 4اوورزمیں 21رنزکے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔حارث رؤف نے بھی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

120رنزکے بظاہر چھوٹے ہدف کے جواب میں پاکستانی اوپنرزنے 26رنزکا آغازفراہم کیا۔بابراعظم (Babar Azam) تیرہ رنزبناکرجسپریت بمرا (Jasprit Bumrah) کا شکار بنے۔

ابتدائی 10اوورزمیں پاکستان نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر57رنزبنالئے تھے۔لیکن اس بعد اہم مواقع پر فخرزمان اور محمد رضوان وکٹیں گرنے کی وجہ سے رنزبنانا مشکل ہوتاچلاگیا۔

آخری اوور میں پاکستان کو جیت کےلئے18رنزدرکارتھے،تاہم عمادوسیم(Imad Wasim) 23گیندوں پرصرف 15رنز بناکرآؤٹ ہوگئے،جس کے بعد نسیم شاہ نے دو چوکے ضرورلگائے لیکن اُس وقت تک دیر ہوچکی تھی اور پاکستان کوایک بار پھر  شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔شاداب خان 7گیندوں پر4اورافتخاراحمد 9گیندوں پرمحض 5رنزبناسکے۔

بھارت کےباؤلرزنے سازگار کنڈیشنزمیں بہترین کاکردگی کامظاہر ہ کیا۔جسپریت بمرا(Jasprit Bumrah)نے اپنے چار اوورزمیں14رنزدےکرتین وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔ہاردک پانڈیا(Hardik Pandya) نے دو،عرشدیپ سنگھ اور اکشر پٹیل نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

 (رپورٹ:ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button