ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کی کوسوو میں چند مساعی
امسال جلسہ سالانہ کوسوو کے بعد ہیومینٹی فرسٹ جرمنی نے جماعت احمدیہ کوسوو کے تعاون سے دو فلاحی منصوبے ترتیب دیے جو بچوں کے لیے تعلیمی امداد اور خصوصی بچوں کے لیے بنیادی ضروریات اور انتظامی ڈھانچے کی بہتری پر مرکوز تھے۔
منصوبوں کی افتتاحی تقریب اور مقابلے: مورخہ ۲۷؍مئی ۲۰۲۴ء کو جماعت احمدیہ کوسوو نے ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے فنڈز سے ’’خصوصی بچوں کے لیے رسائی اور طلبہ کے لیے کھیل کا میدان‘‘ کے منصوبے کا انعقاد کیا جو کہ اسکندربے لوئر سیکنڈری سکول Perlepnica , Gjilanمیں ہوا۔ اس تقریب میں مکرم جوناتھن بٹرورتھ صاحب (مرکزی نمائندہ برائے جلسہ سالانہ کوسوو) اور مکرم زبیر خان صاحب (ڈائریکٹر ہیومینٹی فرسٹ برائے بلقان ممالک )سمیت کئی معزز مہمان شامل تھے۔ سکول کے سیکرٹری، اساتذہ، عملہ، طلبہ اور رضاکار بھی اس میں شریک ہوئے۔
جماعت احمدیہ کوسوو نے ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے تعاون سے Perlepnicaکے گاؤں کے سکول میں بچوں کے لیے کھیل کا میدان بنایا جوکہ سکول کے لیے پہلاکھیل کا میدان تھا۔ اس موقع پر بچوں کی خوشی دیدنی تھی۔
اس کے علاوہ خصوصی بچے بشمول وہ جو وہیل چیئر استعمال کرتے ہیں ان کے لیے ایک ایسا راستہ تعمیر کیا گیا کہ وہ سکول کے میدانوں میں بغیر کسی رکاوٹ کے نقل و حرکت کر سکیں اور تعلیمی سرگرمیوں میں مکمل طور پر حصہ لے سکیں۔
جماعت احمدیہ کوسوو نے طلبہ کے لیے ایک مقابلے کا انعقاد بھی کیاجس کا مقصد کوسوو سے یورپ کی طرف نقل مکانی کے رجحان کو کم کرنا اور وطن سے محبت اور اس کی علاقائی خوبصورتی کو اجاگر کرنا تھا۔ طلبہ کو کوسوو کی خوبصورتی پر مضامین لکھنے اور تصویری پوسٹ کارڈ بنانے کا کہا گیا۔ پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو جماعت احمدیہ کوسوو کی جانب سے انعامات بھی دیے گئے۔
مکرم جوناتھن بٹرورتھ صاحب نے افتتاحی تقریب میں جس میں طلبہ، اساتذہ، سکول ڈائریکٹر، عملہ اور والدین شامل تھے، اپنی تقریر میں اس منصوبہ کی اہمیت پر زور دیا اور اس کے ذریعہ آنے والی نسلوں کو نہ صرف علم بلکہ ہمدردی اور بھائی چارہ کو بڑھانے کی طرف توجہ دلائی۔
خصوصی بچوں کے لیے تشخیصی کمرہ: مورخہ۲۸؍مئی کو جماعت احمدیہ کوسوو نے ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے تعاون سے ایلز ہان کی بلدیہ میں ’’خصوصی بچوں کے لیے تشخیصی کمرہ‘‘ کا افتتاح کیا۔ یہ منصوبہ ایلز ہان کے میئر مکرم محمد بلالزی صاحب، سوشل سینٹر کے ڈائریکٹرمکرم امیر بوشی صاحب اور ڈائریکٹر آف ایجوکیشن مکرم حسنی لوری صاحب کے تعاون سے عمل میں آیا۔ اس کمرے کو فرنیچر اور مختلف ساز و سامان سے لیس کیا گیا۔ اس میں ۲۰۰؍ سے زائد تعلیمی مواد فراہم کیا گیا تاکہ بچوں کے سیکھنے کے ماحول کو بہتر بنایا جا سکے۔
میئر محمد بلالزی نے احتراماً مکرم جوناتھن بٹرورتھ صاحب کے ذریعے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں ایک کتاب بھجوائی۔ اس کتاب کا عنوان ’’Crimes Done by the Serb Occupation in Kosovo from 1884- 1999‘‘ تھا اور اس کے ساتھ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے انسانی ہمدردی کے کاموں کی تعریف پر مشتمل ایک مخلصانہ پیغام بھی شامل تھا۔
میئر بلالزی صاحب نے جماعت احمدیہ کی عالمی امن کے لیے کوششوں کی تعریف کی بالخصوص موجودہ فلسطین اور اسرائیل کے تنازعہ کے حوالے سے کاوشوں کو سراہا نیز کہا کہ جماعت احمدیہ کی یہ کوششیں قابل تعریف اور قابل تقلید ہیں۔
(رپورٹ: جناح الدین سیف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)