جماعت احمدیہ سیرالیون کے زیر اہتمام مجلس مشاورت ۲۰۲۴ء کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ سیرالیون کو مورخہ۱۸و۱۹؍مئی ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ و اتوار مسجد بیت السبوح کِسی ڈاکیارڈ فری ٹاؤن میں مجلس شوریٰ کے انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
امسال مجلس شوریٰ میں بفضل اللہ تعالیٰ ملک کی متعدد جماعتوں میں سے منتخب نمائندگان، اراکین نیشنل مجلس عاملہ، مبلغین کرام، ذیلی تنظیموں کے نمائندگان سمیت ۳۱۸؍افراد کو شرکت کی سعادت ملی۔ اسی طرح ۱۷؍افراد کو بطور زائرین شامل ہونے کی توفیق ملی۔
شوریٰ کے پہلے اجلاس کی کارروائی مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور دعاسے شروع ہوئی۔مکرم امیرصاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں خلفائےکرام کے ارشادات کی روشنی میں نظامِ شوریٰ کاتعارف کروایا اوراس کے مقاصد و اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد نذیر احمد علی کمانڈا بونگے صاحب جنرل سیکرٹری نے سالانہ رپورٹ پیش کی اور گذشتہ مجالس شوریٰ کی تجاویز کی رپورٹ بھی پیش کی۔ امسال سالانہ بجٹ کے علاوہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مجلس شوریٰ کو ہدایت فرمائی ہے کہ گذشتہ تین سال کی منظور شدہ تجاویز پر عمل درآمد اور کمیوں کاجائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل بنائے۔ گذشتہ تین سال کی منظور شدہ تجاویز میں رشتہ ناطہ ، احمدیہ سکول میں طلبہ و اساتذہ کی دینی تعلیم، تربیت و تبلیغ ، چندہ عام و چندہ وصیت کو معیاری بنانے کے لیے تجاویز شامل تھیں۔
اس کے بعد محترم مولوی المامی سیسے صاحب نیشنل سیکرٹری مال نے سال ۲۳-۲۴ءکے بجٹ کا جائزہ اور پھر۲۰۲۴ء – ۲۰۲۵ء کا بجٹ پیش کیا۔ حسب روایت مکرم امیر صاحب نے ان تجاویز کے بارے میں دو سب کمیٹیاں تشکیل دیں اور مکرم طاہر احمد فرخ بھٹی صاحب کو سیکرٹری بجٹ کمیٹی اور مکرم ڈاکٹر شیخو کمارا صاحب صدر مجلس انصاراللہ کو جائزہ عملدرآمد کمیٹی کا سیکرٹری مقرر کیا۔
مکرم امیر صاحب نے درج ذیل احباب کا نمائندگان شوریٰ سے تعارف کروایا جنہیں دوران سال حضور انور ایدہ اللہ نے مقرر فرمایا ہے۔ محترم نعیم اظہر صاحب (مبلغ کینیما ریجن) کا بطور مبلغ انچارج سیرالیون،مکرم طاہر احمد فرخ بھٹی صاحب (مبلغ مکینی ریجن) کا بطور پرنسپل جامعۃالمبشرین سیرالیون، ڈاکٹر شیخو کمارا صاحب نو منتخب صدر مجلس انصاراللہ۔اسی طرح امیر صاحب نے قرآن کریم کے مینڈھے زبان میں ترجمے کی نظر ثانی کی طباعت کی تکمیل کا اعلان فرمایااور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے سیرالیون کی دوسری بڑی زبان ٹمنی میں قرآن کریم کے ترجمے کی پُرشفقت اجازت کا اعلان کیا اور کہا کہ اس ترجمےکی کمیٹی بن چکی ہے اور کام شروع کر دیا گیا ہے۔ امیر صاحب نے اس سلسلہ میں دعا کا اعلان بھی کیا۔
ظہرانہ،نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور سب کمیٹیوں کے اجلاسات کے بعد شام پانچ بجےدوسرے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس اجلاس میں مکرم امیر صاحب نے مختلف نصائح کیں اور کمیٹیز کے چیئر مین اورسیکرٹریان کو اگلے روز صبح تک سفارشات کو حتمی شکل دینے کی تلقین کی ۔ دعا سے اجلاس برخاست ہوا۔
مورخہ ۱۹؍مئی بروز اتوار مکرم امیر صاحب کی زیرِصدارت اختتامی اجلاس شروع ہوا جس میں سب کمیٹیوں کی تجاویز حاضرین کے سامنے رکھی گئیں اور ممبران شوریٰ نے ان پراپنی آرا پیش کیںجس کے بعد نمائندگان شوریٰ نے کثرت رائے سے ان تجاویز کو خلیفۃ المسیح کی خدمت میں منظوری کے لیے بھیجنے کی سفارش کی۔
اس موقع پر مکرم نعیم اظہر صاحب مبلغ انچارج سیرالیون نے بھی نمائندگان کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ اختتامی تقریر میں امیر صاحب نے نمائندگان کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ ان کا کام محض شوریٰ میں شامل ہونا نہیں بلکہ اپنی جماعتوں تک ان پیغامات کو پہنچانا اور عمل کروانا بھی ہے اور وہ پورے سال کے لیے نمائندے ہوتے ہیں۔ اس لیے اس اہم مقصد کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں۔ دعا کے ساتھ یہ اجلاس اختتام کو پہنچا۔ ظہرو عصرکی نمازیں جمع کرکے اداکی گئیں۔ اس کے بعد کھانے کا اہتمام کیا گیا تھا اور اس طرح یہ بابرکت شوریٰ اپنے اختتام کو پہنچی۔
(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)