اطلاعات و اعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
سانحہ ارتحال
مکرم محمد نعیم اظہر صاحب مبلغ انچارج سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ احباب کو نہایت افسوس سے اطلاع دی جاتی ہے کہ مکرم عثمان سانکو صاحب معلم جماعت مشیری(Maseri)، روکوپر ریجن کچھ عرصہ بیمار رہ کر بعمر ۴۷؍سال وفات پاگئے۔ انّاللہ وانّاالیہ راجعون۔ مرحوم اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔ احمدیہ پرائمری سکول کے احاطہ میں مورخہ ۹؍جون ۲۰۲۴ءکی صبح خاکسار نے مرحوم کا جنازہ پڑھایا اور مقبرہ موصیان مشاکا ٹاؤن(Masiaka) میں تدفین عمل میں آئی۔ قبر تیار ہونے پر خاکسار نے دعا کروائی۔ روکوپر ریجن کے متعدد افراد جنازہ کے ساتھ آئےاور پورٹ لوکو، بو، مکینی اور فری ٹاؤن کے علاوہ مشاکا جماعت سے بھی کئی احباب شامل ہوئے۔ حسبِ مقامی روایت جنازے کے بعد احمدیہ سیکنڈری سکول مشاکا میں مختصر پروگرام میں مرحوم کے اخلاق و عادات اور جماعت و خلافت سے محبت و اطاعت کے حوالے سے رشتہ دار، دوست احباب اور مبلغین ومعلمین نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ دعا سے یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ مرحوم نے پسماندگان میں تین بیویاں اور ۱۲ بچے و بچیاں یادگار چھوڑی ہیں۔
اس جماعت میں خاکسار کے ذریعہ احمدیت کا پودا لگا تھا اور مرحوم جماعت میں داخل ہوئے تھے ۔ مرحوم نے اپنے گاؤں میں جماعت کے قیام اور استحکام کے لیے نہایت محنت کی۔ مخالفت کے باوجود احمدیت پر قائم رہے اور مخالفین کے سامنے جماعت کا دفاع بھی کرتے۔ گذشتہ ماہ ایم ٹی اے کی دُوردراز گاؤں میں جماعت احمدیہ کے پیغام اور قیام کے حوالے سے ڈاکومنٹری کے سلسلے میں مرحوم کا انٹرویو بھی ریکارڈ ہوا۔ جس میں انہوں نے کہا تھا کہ میں احمدی ہوں اور مرتے دم تک احمدی رہوں گا۔ اللہ تعالیٰ نے ان کی یہ خواہش پوری فرمائی اور انہیں ایمان کی حالت میں ہی وفات دی۔ مرحوم نمازوں اور چندوں میں باقاعدہ تھے۔ بطور آنریری معلم انہوں نے اس جماعت کی تعلیم و تربیت کا کام کیا اور انہیں نظام جماعت سے جوڑے رکھا۔جماعتی پروگرامز میں باقاعدہ شامل ہوتے۔ مرکزی مبلغین اور مقامی معلمین سمیت احبابِ جماعت سے پیارو محبت کا سلوک تھا۔ اسی سبب ان کی وفات پر ہر آنکھ اشکبارتھی۔