جماعت احمدیہ آئیوی کوسٹ کی نیشنل مجلس شوریٰ ۲۰۲۴ء کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو اپنی سالانہ نیشنل مجلس شوریٰ مورخہ ۱۸و۱۹؍مئی ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ و اتوار بمقام مہدی آباد،آبی جان منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز ۱۸؍مئی کو صبح نو بجے مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔دعا کے بعد مرکز سے موصولہ عہد نامہ برائے عہدیداران دہرایا گیا جس کے بعد صدر مجلس نے افتتاحی تقریر کی جس میں نمائندگان شوریٰ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ مکرم کیماعمر صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری نے گذشتہ سال کی شوریٰ کی منظور کردہ تین تجاویز پر تعمیل کی رپورٹ پیش کی جو ساتھ ساتھ سکرین پر دکھائی جاتی رہیں۔ بعدہٗ مکرم یحییٰ وترا صاحب نیشنل سیکرٹری مال نے گذشتہ سال کے مالی بجٹ کے تحت تعمیرات اور اخراجات کی رپورٹ پیش کی اور مجوزہ بجٹ برائے سال ۲۰۲۴ء – ۲۰۲۵ء پڑھ کر سنایا اور اس کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ بجٹ پر تفصیلی بحث کی گئی اور تمام حاضرین نے ووٹنگ کی۔ بعد ازاں آئندہ سال کے لیے پیش کردہ تجاویز کے سلسلے میں سب کمیٹیاں بنائی گئیں۔ ان کمیٹیوں کے انعقاد کے ساتھ ہی شوریٰ کے پہلے دن کی کارروائی کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور کھانے کے بعد سب کمیٹیوں کی میٹنگز کا انعقاد کیا گیا۔ جن میں تینوں کمیٹیوں نے تجاویز پر عمل درآمد کے لیے سیر حاصل بحث کی اور تجاویز کو تحریر میں لایا گیا۔
شوریٰ کے دوسرے دن کے پروگرام کا آغاز صبح نوبجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا جس کے بعد تینوں سب کمیٹیوں کے سیکرٹریان نے باری باری آکر سب کمیٹیوں کی رپورٹس اور تجاویز پیش کیں پھر ان تجاویز پر بحث کی گئی۔ اس کے بعد ان تجاویز پر ووٹنگ کی گئی۔
پروگرام کے آخر پر مکرم امیر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں ممبران شوریٰ کو نصیحت کی کہ بعد از منظوری حضور انور ان تجاویز پر اپنی اپنی جماعتوں میں بھرپور عمل کروایا جائے اور دعا کے ساتھ آئیوری کوسٹ کی امسال کی شوریٰ کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں اور دوپہر کے کھانے کے بعد حاضرین اپنی اپنی جماعتوں کی جانب روانہ ہوئے۔
امسال نیشنل شوریٰ میں کُل ۱۰۴؍افراد نے شرکت کی جن میں ۱۸؍نیشنل مجلس عاملہ کے ممبران، ۱۹؍ سینٹرل مبلغین کرام، ۵۷؍نمائندگان شوریٰ، ایک نمائندہ انصار اللہ اور ۹؍ممبرات لجنہ اماء اللہ نے بطور نمائندہ شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ سب ممبران شوریٰ اور تمام احباب کرام کو کماحقہ مجلس شوریٰ کی تجاویز پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)