جماعت احمدیہ برطانیہ میں جلسہ ہائے یومِ خلافت کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے دنیا کے دیگر ممالک کی طرح جماعت احمدیہ برطانیہ کے تمام ریجنز میں بھی مئی کے مہینے میں جلسہ ہائے یومِ خلافت منعقد کیے گئے جن میں مقررین نے جماعت احمدیہ میں خلافت کے قیام کی وجوہات،خلافت کی ضرورت، خلافت کی برکات، خلافت احمدیہ کے لیے تائیداتِ الٰہی کے بین ثبوت اورخلافت کی بنا پر جماعت احمدیہ عالمگیر میں افضال الٰہی کے نتیجے میں روزافزوں ترقیات جیسے موضوعات پرقرآن کریم اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشگوئیوں کے حوالہ جات کے ساتھ مدلل، مفصل اور پُراثر تقاریر کے ذریعے حاضرین و سامعین و ناظرین کے لیے خلافت کی اہمیت و اطاعت کو اُجاگر کیا۔
اس ضمن میں سب سے بڑا پروگرام مورخہ ۲۷؍مئی بروز سوموار مسجد بیت الفتوح میں مکرم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ یوکے کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں بیت الفتوح ریجن کے علاوہ بیت الاحسان اور بیت النور کےتقریباً ۱۵۰۰؍احباب جماعت نے شرکت کی۔ مکرم امیر صاحب نے اس جلسے میں خدام و اطفال کی ایک بڑی تعداد کی شمولیت اور نوجوان مقررین کی تقاریر کو سراہا اور کہا کہ دنیا میں قیام امن اور امت مسلمہ کی بقا خلافت احمدیہ پر ایمان کے ساتھ منسلک ہے۔
ماہ مئی کے آخری ہفتہ کی مختلف تاریخوں میں دیگر ریجنز میں بھی ان جلسوں کا انعقاد ہوا۔ اسلام آباد ریجن کے چار جلسوں میں ۸۵۴، مسجد فضل ریجن میں ۱۰۹، ایسٹ ریجن کے دو جلسوں میں ۴۱۹، ہارٹفورڈشائر میں ۳۰۰، مڈل سیکس ریجن کے چار جلسوں میں ۵۴۴، مڈ لینڈز ریجن کے آٹھ جلسہ جات میں ۹۳۰، نارتھ ایسٹ ریجن کے دو جلسوں میں ۲۲۵، نارتھ ویسٹ ریجن کے دو جلسوں میں ۶۴۹، سکاٹ لینڈ کے تین جلسوں میں ۶۵، ساؤتھ ریجن کے جلسہ میں ۳۵۰ اور ساؤتھ ویسٹ ریجن کے پانچ جلسہ جات میں ۲۳۹؍احباب جماعت شامل ہوئےجبکہ بیت الفتوح ریجن کے جلسہ سمیت بعض دیگر جلسہ جات کو یوٹیوب کے ذریعہ بھی براہ راست نشرکیا گیا جنہیں ایک محتاط اندازے کے مطابق ۲۴؍ہزار ۲۰۴؍ افراد نے دیکھا اور سُنا۔ اس طرح جماعت احمدیہ برطانیہ کے تمام ریجنز میں کُل ۳۴؍جلسہ ہائے خلافت منعقد کیے گئے جن سے ۳۰؍ہزار ۳۸۸؍ افرادمستفید ہوئے۔الحمدللہ
(رپورٹ: لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)