مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ کا اولڈ ہوم میں مفت اشیائے خور و نوش کا سٹال
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ کو شعبہ خدمت خلق کے تحت مورخہ ۵؍جون۲۰۲۴ء کو ایک اولڈ ہوم میں مفت اشیائے خور و نوش کا سٹال لگانے کی توفیق ملی ۔ ہیلسنکی سٹی نے اس تقریب کا انعقاد کیا تھا جس میں شہر کی مختلف کمیونٹیز نے اپنے اپنے سٹال لگائے ہوئے تھے۔ مجلس خدام الاحمدیہ نے مفت اشیائے خورو نوش کے سٹال کے علاوہ بزرگ عوام کی آ مد و رفت کے لیے مفت ٹیکسی سروس بھی فراہم کی۔
اس تقریب میں مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ انچارج فن لینڈ، صدر مجلس خدام الاحمدیہ مکرم فرید احمد صاحب اور خاکسار (صدر مجلس انصار اللہ فن لینڈ) نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ پروگرام بہت کامیاب رہا۔ سٹال پر فِنش بوڑھے افراد نے پاکستانی کھانا کھایا اور اپنے ناموں کی عربی خطاطی کروائی۔ ان کے ساتھ بات چیت کرنے اور جماعت کا تعارف کروانے کا بھی موقع ملا۔ مجلس خدام الاحمدیہ کے سٹال پر مجلس کے خدمت خلق کے کاموں کا تصاویر پر مبنی بینر لگا ہوا تھا جو جماعت کی خاموش تبلیغ کا کام کر رہا تھا۔ مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مربی سلسلہ کے ساتھ سٹال پر افراد نے بات چیت کی اور ساتھ ساتھ جماعت کا تعارف ہوا۔ ان میں سے کچھ افراد نے جن میں ایک پاکستانی اورایک امریکی نیشنل تھے، آ ئندہ بھی جماعت کے پروگراموں میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وہاں کی مینجمنٹ نے سٹال کا دورہ کیا اور کھانا بھی تناول کیا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اولڈ ہوم کے بہت سے بوڑھے افراد نے اس کاوش کو بہت سراہا۔ اللہ تعالیٰ مجلس کو مزید خدمت خلق کے کاموں کو کرنے کی توفیق دیتا رہے۔ آ مین
(رپورٹ: فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )