انڈیا کے شہر بھاگلپور میں پیس سمپوزیم کاکامیاب انعقاد
مورخہ ۱۰؍مارچ ۲۰۲۴ء کو صوبہ بہار کے تیسرے سب سے بڑے شہر بھاگلپور میں’’Hotel Vaibhav‘‘ میں جماعت احمدیہ کی طرف سے پیس سمپوزیم کا انعقاد زیر عنوان ’’عالمی امن اور حفاظت کی کنجی‘‘ منعقد کیا گیا۔ یہ پیس سمپوزیم زیر صدارت مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ ضلع بھاگلپور، مونگیر و بانکا منعقد ہوا۔
اس پیس سمپوزیم میںچھپرا یونیورسٹی کےسابق وائس چانسلر ڈاکٹر فاروق علی صاحب نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ان کے علاوہ مختلف مکاتب ہائے فکر کے معززین اور مذہبی راہنما، علمی طبقہ سے تعلق رکھنے والے احباب نے بھی شرکت کی۔
قومی ترانہ کے بعد پیس سمپوزیم کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ بعد ازاں مہمانان کا استقبال کیا گیا اور پیس سمپوزیم کا مقصد اور سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا تعارف کرواتے ہوئے حضور انور کی عالمی سطح پر قیام امن کے لیے کوششوں کا بھی تذکرہ کیا گیا۔ اس کے بعد ’’عالمی امن کے زریں اصول‘‘ کے عنوان پر ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی جس میںدنیا کے موجودہ حالات کا تذکرہ اور اس عالمی بحران میں سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ذریعے مختلف پارلیمنٹس میں دیے گئے خطابات سے سامعین کو متعارف کروایا گیا۔ نیز قیام امن کے حوالے سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات حضور انور کی ہی آواز میں سنائے گئے جو حاضرین کی دلچسپی کا مرکز بنی رہی۔
اس پیس سمپوزیم میں جماعت احمدیہ کے مرکزی نمائندہ نے دنیا کے موجودہ حالات کی طرف سامعین کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے امام جماعت احمدیہ کے خطابات سے ماخوذ تعلیمات کی روشنی میں معاشرتی اور عالمی سطح پر امن کے لیے اسلامی تعلیمات کا تفصیلاً ذکر کیا اور خاص طور پر امن کے قیام کے لیے خدا تعالیٰ کی طرف رجوع کرنے اور آپسی اخوت و پیار و محبت و ہمدردی کو فروغ دینے کی تلقین کرتے ہوئے حاضرین سے مخاطب ہوئے۔
اس پروگرام میںمختلف طبقوں کے راہنماؤں کو بھی مقررہ موضوع پر قیام امن کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا موقع دیا گیا۔
اس پروگرام میں شامل ہونے والے معززین نے قیام امن کے حوالے سے جماعت کی کاوشوں اور خدمات کو سراہا اور اس نوعیت کے پروگرامز کے انعقاد کی اہمیت کے حوالے سے بھی اپنے نیک تاثر ات کا اظہار کیا۔ صدارتی خطاب اور دعا کے بعد پروگرام کا اختتام ہوا۔
پیس سمپوزیم میں موجو دکئی معزز مہمانان کرام کو جو اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں ان کی حوصلہ افزائی کے لیے سٹیج پر بلا کر Momentos دیے گئے۔
جماعت احمدیہ کے اس پیس سمپوزیم کی خبریں علاقے کے اخبارات میں شائع ہوئیں اور نیوز چینلز میں نشر ہوئیں۔ اللہ تعالیٰ اس پیس سمپوزیم کے نیک اور دور رس نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)