جماعت احمدیہ گیمبیا کی نیشنل مجلس شوریٰ ۲۰۲۴ء کا انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کو مورخہ ۲۶؍مئی ۲۰۲۴ء بروز اتوار نیشنل مجلس شوریٰ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمدللہ علی ذالک
مجلس شوریٰ کے اجلاس کا آغازصبح دس بج کر تیس منٹ پر مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیا کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں سیکرٹری مجلس شوریٰ نے شوریٰ کے قواعد پڑھ کر سنائے جس کے بعد اللہ تعالیٰ کے جماعت احمدیہ گیمبیا پر گذشتہ سال ہونے والے فضلوں کا مختصر سا خاکہ پیش کیا گیاجس کے مطابق اس وقت گیمبیا میں ۱۲۰؍مساجد، ۳۴؍نماز سنٹرز، ۳۴؍مشن ہاؤسز اور ۱۸۳؍واقفین نو موجود ہیں۔ گذشتہ سال قرآن کریم کی چار نمائشیں لگائی گئیں جن میں تقریباً ۵۰؍ہزار افراد تک جماعت کا پیغام پہنچا۔ اسی طرح متعدد تربیتی کلاسز کا انعقاد ہوا۔ ۴۰؍ہزار سے زائد لٹریچر تقسیم ہوا۔ ۱۶۹؍وقارعمل ہوئے۔ ۷؍ ہزار غریب مستحق افراد کی مدد کی گئی۔بیواؤں کو کھانے کا سامان دیا گیا۔قرآن کریم کی مقامی زبانوں میں جو تراجم ۲۰۰۷ء میں کیے گئے تھے ان کی دوران سال نظر ثانی کا کام مکمل ہوکر نئے ایڈیشن کے لیے مرکز بھجوادیے گئےہیں۔
اس کے بعد سیکرٹری صاحب نے گذشتہ سال کی شوریٰ کی تجاویز پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی جس میں خاص طور پر ممبرات لجنہ اماءاللہ کی تربیت، کلاسز، اجتماعات، نومبائعین کی تربیت، ایم ٹی اے کی انسٹالیشن کی رپورٹ قابل ذکر ہے۔ اس کے بعد نیشنل سیکرٹری مال نے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کیا اور پھر بجٹ پر بحث ہوئی نیز سوالات کے جواب دیے گئے۔
آخر پر مکرم امیر صاحب نے تقویٰ کے قیام اور اپنی حقیقی آمد پر شرح کے مطابق چندہ دینے کی طرف توجہ دلائی۔ دعا کے ساتھ اجلاس کا اختتام ہوا جس کے بعد شاملین کی گروپ فوٹو لی گئی۔
(رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)