سویڈن کے قومی دن کی تقریبات کا اہتمام
سویڈن کا قومی دن ہر سال ۶؍جون کو عام تعطیل کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ۱۹۸۳ء سے پہلے یہ دن سویڈش فلیگ ڈے کے طورپر منایا جاتا تھا۔ ۱۹۸۳ء میں سویڈن کی پارلیمنٹ نے سرکاری طور پر اسے سویڈش نیشنل ڈے کا نام دیا اور ۲۰۰۵ء میں اس دن عام تعطیل کا اعلان کیا گیا۔ یہ دن ۱۵۲۳ء میں گستاو واسا کے سویڈن کے بادشاہ منتخب ہونے اور ۱۸۰۹ء اور ۱۹۷۴ء کے آئین کو اپنانے کے اعزاز میں منایا جاتا ہے۔
سویڈن میں ایک دہائی سے زائد عرصے سے جماعتی طور پر سویڈن کا قومی دن منانے کی روایت ہے۔ جس میں عوام کے علاوہ سیاسی اور سماجی شخصیات کو بھی دعوت دی جاتی ہے۔ امسال بھی اللہ تعالیٰ کے فضل سے سویڈن کی چار جماعتوں گوتھن برگ، مالمو، سٹاک ہالم اور لولیو میں سویڈن کےقومی دن کی تقریبات کا بہت عمدہ طور پر اہتمام کیا گیا۔ جماعت کی دونوں مساجد اور جماعتی سینٹر کے علاہ ایک سکول کے ہال میں ان تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ جماعتی ممبران کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اندازاً ۲۱۵ مہمان بھی ان تقریبات میں شریک ہوئے۔ الحمد للہ
ان تقریبات میں کئی اہم سیاسی اور مذہبی شخصیات شامل ہوئیں۔ تفصیلات درج ذیل ہیں:
مالمو: مالمو میں منعقدہ تقریب میں ایک ممبر پارلیمنٹ کے علاوہ سویڈش چرچ کی چیف پادری صاحبہ بطور مہمان خصوصی شامل ہوئیں وہ جماعتی انتظامات سے بہت متاثر ہوئیں اور اپنے فیس بک پیج پر بھی جماعت کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور لکھا کہ قومی دن کی تقریبات میں مختلف قومیتوں اور مذاہب کی ایک ساتھ شمولیت نے ایک بہت مضبوط تاثر قائم کیا ہے۔
سٹاک ہالم: سٹاک ہالم میں منعقدہ تقریب میں جماعتی مرکز کے علاقے کے ڈپٹی چیئرمین کونسل بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے۔ انہوں نے اپنے فیس بک پیج پر جماعت کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے لیے یہ بات بہت ہی باعث عزت ہے کہ انہیں جماعت احمدیہ کے ساتھ سویڈن کے قومی دن کے موقع پر شامل ہونے اور خطاب کرنے کا موقع ملا کیونکہ یہ وہ جماعت ہے جو امن اور ہم آہنگی کی بات کرتی ہے۔
گوتھن برگ: گوتھن برگ میں منعقدہ تقریب میں ریڈکراس گوتھن برگ کے سابقہ سربراہ تقریب میں شامل ہوئے۔ سویڈش ریڈیو نے اس تقریب کی کوریج کی۔
لولیو: لولیو شہر کی میئر کے ساتھ سٹی کونسل کے چیئر مین اور لیفٹ پارٹی کے گروپ لیڈر بطور مہمان خصوصی لولیو جماعت میں منعقدہ تقریب میں شامل ہوئے۔ ان سب نے اپنی تقاریر میں جماعت کے کاموں کی بہت تعریف کی اور جماعت کو باقی آرگنائزیشنز کے لیے بطور مثال پیش کیا۔ جماعت کے ساتھ قومی دن کی تقریبات میں شامل ہونے پر خوشی کا اظہا رکیا۔
عوامی تاثرات :اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان تقریبات میں شامل ہونے والے دیگر لوگوں نے بھی جماعت کے انتظامات کی تعریف کی اور کئی ایک نے اپنے فیس بک پیج پر جماعت کے بار ے میں پوسٹ کیا اور لکھا کہ جماعت کے ساتھ نیشنل ڈے منا کر انہوں نے سیکھا ہے کہ اصل میں نیشنل ڈے کیسے منانا چاہیے؟ جماعت کے ساتھ قومی دن کی تقریبات میں شامل ہونا ان کے لیے یادگار لمحات میں سے ہے۔
اسی طرح مہمان مقررین اور لوگوں نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ ایک مذہبی جماعت ہوتےہوئے ہر سال جماعت احمدیہ اہتمام سے سویڈن کے قومی دن کو مناتی ہے۔ مہمان مقررین کی تقاریر کے بعد تمام مہمانوں کی تواضع کے لیے کھانا اور بعض جگہ باربی کیو کا انتظام تھا۔ جسے مہمانوں نے بہت پسند کیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ تمام تقریبات بہت کامیاب رہیں۔
(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)