جلسہ ہائے یوم خلافت کانگو کنشاسا
محض خدا تعالیٰ کے فضل اور رحم کے ساتھ امسال مئی کے آخری ہفتہ میں جماعت احمدیہ عوامی جمہوریہ کانگو کو اپنے تمام ۱۱؍ریجنز کی ۸۳؍جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم خلافت منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ان جلسوں میں کل ۵ہزار۳۵؍احمدی احباب اور ۴۴۰؍مہمان شامل ہوئے۔
عوامی جمہوریہ کانگو میں عمومی طور پر نقل و حمل کے ذرائع انتہائی مخدو ش ہیں۔ چونکہ اکثر علاقوں میں سڑکیں نہ ہونے کے برابر ہیں اس لیے آج بھی ملک بھر میں بہت سے علاقوں تک رسائی کشتیوں کے ذریعے ہی ممکن ہو پاتی ہے۔ ایسے نامساعد حالات میں جماعت احمدیہ عوامی جمہوریہ کانگو کا جلسہ ہائے یوم خلافت کا کامیاب انعقاد یقیناً جماعت احمدیہ کی صداقت کی ایک دلیل ہے۔
جلسہ ہائے یوم خلافت کے ان پروگرامز کی تفصیل درج ذیل ہے۔
Mbanza-Ngungu ریجن
بانزا گونگو کا ریجن کانگو کنشاسا کے صوبہ Kango Central میں پایا جاتا ہے۔ مورخہ ۲۷ و ۲۸؍مئی کو اس ریجن کی چار بڑی جماعتوں بانزا گونگو، سونگولولو، کیمپیمبا اور نسالو کو یوم خلافت کے حوالے سے اپنی اپنی مساجد میں جلسہ جات منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ان جلسوں میں مقررین نے خلافت سے وابستگی اور مضبوط تعلق کے حوالے سے بہت ایمان افروز واقعات کو پیش کیا۔ مرکزی مبلغ سلسلہ مکرم نوید احمد اشرف صاحب اور ان کی ٹیم میں شامل مقامی معلمین کی کوششوں سے ان چاروں جلسہ جات کی کل حاضری ۴۱۴ رہی۔ جلسے کے شرکا کی ایک بڑی تعداد غیر احمدی احباب پر مشتمل تھی۔
جلسہ جات کے اختتام پر مجالس سوال و جواب بھی منعقد کی گئیں جن میں شرکانے اسلام احمدیت کے متعلق ہر قسم کے سوالات پوچھے جن کے انہیں جواب دیے گئے جس سے وہ بہت متاثر ہوئے۔ ان مہمانوں میں اعلیٰ حکومتی عہدےداروں سمیت چرچ سے تعلق رکھنے والے پادری صاحبان بھی شریک ہوئے جنہوں نے واپس جاتے ہوئے بہت ہی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ جماعت احمدیہ جو تعلیم دے رہی ہے وہ سیدھی دل کو چھوتی ہے۔انہی مہمانوں میں سے ایک صاحب جو تاجر ہیں انہوں نے کہا کہ ریڈیو ٹی وی پر اسلام کے خلاف باتیں سن کر مجھے مسلمانوں سے ایک نفرت سی پیدا ہونے لگ گئی تھی مگر آج پہلی دفعہ اپنی زندگی میں کسی مسجد میں قدم رکھا ہے اور اسلام کے بارے میں میری ساری بدگمانیاں دُور ہوگئی ہیں۔ ان جلسہ جات کے ساتھ بک سٹالز بھی لگائے گئے تھے جن سے ایک کثیر تعداد مستفید ہوئی۔ اسی طرح ان جلسوں کے اختتام پر شاملین جلسہ میں کھانا بھی پیش کیا گیا۔
Bukavu ریجن
Bukavu کا ریجن کانگو کنشاسا کے انتہائی مشرق میں واقع ہے۔ چنانچہ اس ریجن کی سرحد ہمسایہ ممالک یعنی Rwanda اور Burundi سے بھی ملتی ہے۔ اس ریجن کے مختلف علاقوں میں باغیوں کے مختلف گروہوں کی وجہ سے سیکیورٹی کے حالات کافی خراب ہیں۔ چنانچہ اکثر علاقوں میں رسائی ہمسایہ ممالک سے ہوکر ہی ممکن ہو پاتی ہے۔ ایسے میں اس ریجن میں مرکزی مبلغ مکرم حافظ مزمل احمد صاحب اور مقامی معلمین کی کوششوں سے کل آٹھ جماعتوں یعنی موداکا، بگیرا، کارومو، سعیدی، اوویرا پگمیز، آمبا، بوتیمبو اور کسانگانی میں آٹھ جلسہ ہائے یوم خلافت کروانے کی توفیق ملی۔ جن میں کل ۴۹۱؍احمدی احباب اور ۱۰۷؍مہمان شامل ہوئے۔
اس موقع پر اللہ تعالیٰ کے فضل سے پانچ سعید روحوں کو مسیح الزمانؑ کے پیغام کو تسلیم کرتے ہوئے جماعت احمدیہ میں شمولیت کی توفیق بھی ملی۔
Kananga ریجن
Kanaga کا ریجن کانگوکے وسطی صوبوں یعنی Kasai اور Kasai Central پر مشتمل ہے۔ باقی ملک کی طرح یہاں بھی نقل و حمل کے ذرائع بہت محدود ہیں۔ لیکن الحمد للہ مرکزی مبلغین مکرم رمیض احمد محمود صاحب اورمکرم عبدالسلام Mpokoto صاحب اور مقامی معلمین کی کاوشوں سے اس ریجن کی بڑی جماعتوں جن میں Ilebo Kananga، Bemba اور Dibaya شامل ہیں، اس کے علاوہ چھوٹی جماعتوں میں مختلف جلسہ ہائے یوم خلافت منعقد کروانے کی توفیق ملی جن میں کل ۵۳۰؍احباب شامل ہوئے۔
Mbuji Mai ریجن
Mbuji Mai حال ہی میں Kasai Oriental کی جماعتوں پر مشتمل ایک نیا ریجن بنایا گیا ہے۔ اس ریجن میں چند ماہ قبل ہی مرکزی مبلغ مکرم مطیع اللہ صاحب کا تقرر عمل میں آیا ہے۔ جنہوں نے اپنے مقامی معلمین کے تعاون سے اس نئے ریجن کی تین جماعتوں Mbuji Mai, Tshilunde اور Munkaba میں جلسہ ہائے یوم خلافت کا انعقاد کیا اور الحمد للہ ان جلسوں میں کل حاضری ۳۰۸؍رہی۔
Bandundu ریجن
Bandundu شہر صوبہ Kwilu کا صدر مقام ہے۔ اس ریجن میں اس صوبہ کے علاوہ دو اورصوبوں کی جماعتیں بھی شامل ہوتی ہیں۔ ملک کے دارالحکومت کنشاسا کے قریب ہونے کے باوجود یہاں بھی آمد و رفت انتہائی مشکل امر ہے۔ چنانچہ یہاں بھی نوّے فیصد سے زائد سفر کشتیوں سے ہی ممکن ہو پاتا ہے۔ لیکن مشکل سفری حالات کے باوجود دوسری طرف اللہ تعالیٰ نے اس ریجن میں دور دراز میں بسے ہوئے ہزاروں لوگوں تک اپنے مہدی کا پیغام پہنچایا ہے۔ چنانچہ یوم خلافت کے حوالے سے مرکزی مبلغ مکرم فرید احمد بھٹی صاحب اور مقامی معلمین کے تعاون سے اس ریجن کی جن جماعتوں میں یوم خلافت کے پروگرامز منعقد کرنے کی توفیق ملی وہ درج ذیل ہیں۔
Bandundu, Nkasala, Ntown, Nsala, Nsakey, Bonzil, Bekan, Nkwab, Bemu, Maku Maku, Mbali, Gemena, Mushie, Matiala, Camp Banku, Bagata, Nioki, Izono, Bobala, Bisiala, Nsimukuni.
ان جلسوں میں کل ۱۰۳۰؍احمدی احباب اور ۱۵۸؍مہمان شامل ہوئے۔
Boma ریجن
Boma ریجن، کانگو کنشاسا کے جنوب مغربی صوبہ Kango Central میں شامل ہوتا ہے۔ یہ ریجن کانگو کے باقی ریجنز کے مقابلہ میں نسبتاً چھوٹا ریجن ہے۔ یہاں کی سات جماعتوں میں بھرپور انداز میں جلسہ یوم خلافت کا اہتمام کیا گیا چنانچہ بوکوکائی، کیدیما، سینگی، پیتا، لیمبا، باکاکوسی اور بوما شہر میں ہونے والے پانچ جلسہ جات میں کل ۲۱۵ احباب شامل ہوئے۔
Kinshasa ریجن
کنشاسا میں بھی جلسہ ہائے یوم خلافت کا انعقاد جوش و خروش سے کیا گیا۔ ماہ مئی کے دوران Mitendele جماعت میں بہت سی نئی بیعتیں ہوئیں۔ اس لیے امسال سب سے پہلا جلسہ مورخہ ۲۴؍مئی بروز جمعة المبارک بعد از نماز جمعہ اسی جماعت میں ہوا۔
ریجن کی کل دس جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم خلافت کا انعقاد ہوا اور ۴۵۰؍احمدی احباب نے شرکت کی۔ مکرم خالد محمود شاہد صاحب امیر و مبلغ انچارج کی زیر صدارت مرکزی مسجد بیت الاحد Barumbu میں بھی یوم خلافت کے حوالے سے جلسے کا انعقاد ہوا۔
Lubumbashi ریجن
Lubumbashi صوبہ Katanga کا دارالحکومت ہے اور یہ صوبہ ملک کے جنوب مشرق میں واقع ہے۔ ملک کے دارالحکومت سے انتہائی فاصلہ اور آمدورفت کی پیچیدگیوں کی وجہ سے اس علاقے کا زیادہ تر انحصار ہمسایہ ممالک یعنی Zambia اور Tanzania پر ہی ہوتا ہے۔ اس ریجن میں مرکزی مبلغ مکرم محمد ذکی خان صاحب کا دو سال قبل ہی تقرر ہوا ہے اس لحاظ سے یہ ریجن ملک کے دیگر ریجنز کے مقابلے میں نسبتاً نیا ریجن ہے۔
مرکزی مبلغ صاحب اور مقامی معلمین کے تعاون سے امسال ریجن کی چار جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم خلافت منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ان چار جماعتوں میں سے تین جماعتیں ایسی تھیں جو بالکل نئی تھیں۔ چنانچہ Kapolowe اور Buluwo کی دو جماعتوں میں دو ماہ قبل ہی احمدیت کا پیغام پہنچا ہےجبکہ Baya میں گذشتہ سال لوگوں کو احمدیت کی آواز پر لبیک کہنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ ان جماعتوں میں جلسہ جات کی حاضری بالترتیب ۱۸، ۱۳ اور ۲۲ رہی۔ جبکہ ریجن کے ہیڈکواٹرز لمباشی میں بھرپور انداز میں جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں کل ۵۹ احمدی احباب و خواتین اور بچگان شامل ہوئے۔ جلسے کے بعد حاضرین میں پُر تکلف کھانا بھی پیش کیا گیا۔
Matadi ریجن
Matadi صوبہ Kongo Central کا دارالحکومت ہے اس ریجن کی دو بڑی جماعتوں Matadi اور Kinzao Mvuete میں جلسہ ہائے یوم خلافت کا انعقاد کیا گیا جن میں کل ۲۵۱؍احمدی احباب و خواتین اور بچگان کے علاوہ ۵۰؍مہمان بھی شامل ہوئے۔
Kikwit ریجن
باقی ریجنز کی طرح Kikwit ریجن میں بھی جماعت احمدیہ کو بھرپور انداز میں جلسہ ہائے یوم خلافت کا انعقاد کروانے کی توفیق ملی۔ چنانچہ ریجن کی آٹھ جماعتوں جن میں Kikwit, Kibengi, Masi Manimba, Kenge, Mangai, Mangai 2, Muni Kenge اور Idiofa شامل ہیں مرکزی مبلغ مکرم عطاء القیوم صاحب اور مقامی معلمین کی کاوشوں سے جلسہ جات کا اہتمام کیا گیا جن میں کل ۵۸۵ احمدی مرد و زن اور بچگان شامل ہوئے۔
Inongo ریجن
Inongo کا ریجن کانگو کے مغرب میں واقع ہے۔ اس ریجن میں دریاؤں، ندی نالوں اور چھوٹی بڑی جھیلوں کی بہتات ہے۔ اس لحاظ سے دیکھا جائے تو ان علاقوں کا تقریباً سو فیصد سفر کشتیوں کے بغیر ہونا ناممکن ہے۔ لیکن خدا تعالیٰ کے فضل سے اس ریجن کی سات جماعتوں جن میں Inongo, 7 KM Jamaat, Ngongo, Kiri, Bosele, Momboyo اور Ibamba شامل ہیں۔ مرکزی مبلغ مکرم شمس Bokongo صاحب اور مقامی معلمین کے تعاون سے یوم خلافت کے جلسہ جات کروانے کی توفیق ملی۔ جن میں احباب و خواتین اور بچگان کو ملا کر کل حاضری ۵۷۷ رہی۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ آئندہ بھی اس طرح کے پروگرامز منعقد کرنے کی توفیق دیتا چلا جائے نیز یہ کہ جملہ شاملین کو ان جلسوں کی حقیقی برکات سے فیض یاب ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: شاہد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)