یورپ (رپورٹس)

بیلجیم میں واقفین نو و واقفات نو کی دو روزہ سالانہ تعلیمی و تربیتی کلاس

(چودھری طاہر احمد گِل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے شعبہ وقف نو بیلجیم کو مورخہ ۱۸ و ۱۹؍مئی ۲۰۲۴ء کو سترہ سال تک کی عمر کے واقفین نو و واقفات نو کی دو روزہ سالانہ تعلیمی و تر بیتی کلاس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

اس کلاس کو منعقد کرنے کافیصلہ ماہ دسمبر میں کیا گیا۔ اس کے لیےایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے صدر مکرم منیر احمد انجم صاحب نیشنل سیکرٹری وقف نواور کلاس سیکرٹری مکرم شہریاراکبر صاحب مربی سلسلہ تھے۔ اس کلاس کی عملی تیاری کا آغاز ماہ مارچ میں کیا گیا۔ بیلجیم کے تمام واقفین نو کو اطلاع پہنچانے کے لیے مختلف جماعتوں کے دورہ جات کیے گئے۔ نیز صدران جماعت اور لوکل سیکرٹریان واقفین نو سے بھی مسلسل رابطہ کیا جا تا رہا۔

پروگرام کے مطابق صبح نو بجے رجسٹریشن کا آغازکیا گیا۔ پونے گیارہ بجے افتتاحی اجلاس کا آغاز مکرم ڈاکٹر ادریس احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ بیلجیم کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہو ا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ بیلجیم نے وقف نوکی اہمیت اور واقفین نو کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کے چند اقتباسات پیش کیے اور دعا کروائی۔

اس کے بعد ریویو آف ریلیجنز اور تجدید وقف پر لیکچرز دیے گئے۔ اسی طرح لجنہ اماء اللہ کی جانب سے بھی پروگرام کے مطابق لیکچرز دیے گئے۔ نماز ظہر و عصر اور کھانے کے وقفے کے بعد ’’جامعہ احمدیہ‘‘ اور ’’احمدیت کیونکر سچی ہے؟‘‘ کے موضوعات پر لیکچرز دیے گئے۔

شاملین کو عمروں کے حساب سے چار گروپس میں تقسیم کیا گیا تاکہ نصاب وقف نو کے مطابق ان کی تدریس ہوسکے۔ لجنہ اماءاللہ کی جانب سے بھی پروگرام کے مطابق کلاسز جاری رہیں۔ اس کے بعد سوال و جواب کی محفل ہوئی جس میں واقفین نو نے بڑی دلچسپی سے حصہ لیا۔ بعد ازاں کھانے اور کھیل کا وقفہ ہوا۔ نماز مغرب اور عشاء کی باجماعت ادائیگی کے ساتھ تربیتی کلاس کے پہلے دن کا اختتام ہوا۔

کلاس کے دوسرے روز کا آغاز باجماعت نماز تہجد اور نماز فجر کی ادائیگی کےبعد درس حدیث سے ہوا جس کے بعد سب نے انفرادی تلاوت قرآن کریم بھی کی۔ کچھ دیر آرام اور ناشتہ کے بعد کلاسز کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے ہوا جس میں ’’ہستی باری تعالیٰ‘‘ اور ’’واقفین نو کی ذمہ داریاں‘‘کے موضوعات پر لیکچرز دیے گئے۔ بعدازاں واقفین نو کو دوبارہ سے چار گروپس میں تقسیم کرکے وقف نو کا نصاب پڑھایا گیا۔ پھر کھانے اور نماز ظہر و عصر کا وقفہ ہوا۔

وقفہ کے بعد وقف نو کلاس کا اختتامی اجلاس منعقد ہوا۔ اس کی کارروائی کا آغاز مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ کلاس کی رپورٹ سیکرٹری صاحب وقف نو نے پیش کی۔اورمکرم امیر صاحب نے واقفین نو و واقفات نو اور ان کے والدین کوان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا اور دعا کے ساتھ اس تربیتی کلاس کا اختتام ہوا۔ اس کلاس کی حاضری ۲۰۶؍رہی۔ الحمدللہ

(رپورٹ: چودھری طاہراحمد گِل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button