گنی کناکری میں جلسہ ہائے یوم خلافت کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے دنیائے احمدیت کی دیگر جماعتوں کی طرح ماہ مئی میں گنی کناکری کی جماعتوں کو بھی جلسہ ہائے یوم خلافت منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ان جلسہ جات کی رپورٹ پیش خدمت ہے ۔
گنی کے چار ریجنز کی ۲۶؍ جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم خلافت منعقد کیے گئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام جماعتوں میں یہ پروگرام نہایت کامیاب رہے اور ان جلسوں میں شامل ہونے والے احباب جماعت کی تعداد چار ہزار ۱۳۲؍اور غیر ازجماعت احباب کی تعداد ۱۷۰؍رہی۔ ان جلسوں میں خلافت کی اہمیت و برکات، خلیفہ وقت سے محبت بڑھانے اور تعلق پیدا کرکے دعاؤں سے استفادہ کرنے کی اہمیت، مسلمانوں کی کامیابی کی کلید خلافت سے وابستہ ہے، خلفائے احمدیت کے ادوار میں ہونے والی غیر معمولی کامیابیاں نیز حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دور میں جاری ترقیات کے مضامین پر تقاریر کی گئیں جو کہ احباب جماعت نے بڑی توجہ اور محبت سےسنیں ۔
مورخہ ۲۶؍مئی ۲۰۲۴ء کو کناکری کی مرکزی احمدیہ مسجد بیت الاحد میں جلسہ یوم خلافت کا انعقاد ہوا ۔ گیارہ بج کر تیس منٹ پر جلسہ کی کارروائی تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے شروع ہوئی۔ بعد ازاں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’قرآن کریم کی آیت استخلاف کی روشنی میں خلافت احمدیہ‘‘ از خاکسار (مربی سلسلہ)، ’’امن کی اور اتحاد بین المسلمین کی ضامن صرف خلافت ہے‘‘ از احمد ماریگا صاحب اور ’’خلافت ہی مسلمانوں کی کامیابی کی کلید ہے‘‘ از احمد سیڈیبے صاحب۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام تقاریر بہت محنت سے تیار کی گئیں اور احباب جماعت نے بڑی توجہ سے سنیں اور استفادہ کیا۔
جلسے کا اختتام نماز ظہر کی ادائیگی پر ہوا۔ آخر میں تمام احباب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
کناکری میں جلسے کی حاضری ۱۳۰؍رہی اور اسی طرح ۱۵؍غیر از جماعت دوست بھی شامل ہوئے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: طاہر محمود عابد۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)