جماعت احمدیہ جارجیا کے دوسرے جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء کا بابرکت انعقاد
٭… جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام
٭… مرکزی نمائندہ کے بشمول پانچ ممالک سے نمائندگی
٭… کُل ۳۸؍احباب کی شرکت
٭… جماعت جارجیا کی پہلی ویب سائٹ کا اجرا
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ جارجیا کا دوسرا جلسہ سالانہ مورخہ ۲۴و۲۵؍مئی ۲۰۲۴ء کو برکتوں کو سمیٹتے ہوئے منعقد ہوا۔ الحمدللہ۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اس موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خصوصی پیغام ہمیں موصول ہوا۔ اسی طرح جلسہ میں حضور انور کے نمائندہ مکرم مشہود احمد ظفر صاحب مربی سلسلہ (حال مقیم مہدی آباد،جرمنی) بھی شامل ہوئے۔
اس تاریخ ساز جلسہ سالانہ کے انتظامات کا آغاز افسر جلسہ سالانہ مکرم جواد احمد بٹ صاحب صدر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ جارجیا اور افسر جلسہ گاہ خاکسار (مربی سلسلہ) کے تقرر سے ہوا جس کی منظوری حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے عطا فرمائی۔
دیگر ناظمین جلسہ سالانہ کے ساتھ جلسے سے قبل مختلف میٹنگز منعقد ہوئیں جن میں تمام امور کا جائزہ لیا جاتا رہا۔ وقارعمل بھی جلسہ سے ایک ہفتہ قبل شروع ہوگیا تھا۔
جلسہ سالانہ کا آغاز مورخہ ۲۴؍مئی کو خطبہ جمعہ سے ہوا۔ نماز عصر اور کھانے کے بعد سب مہمان جلسہ گاہ کی طرف روانہ ہوئے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سننے کے بعد جلسہ کا آغاز دعا کے ساتھ ہوا۔ بعدازاں پہلا اجلاس مکرم مشہود احمد ظفر صاحب کی زیرصدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں حضور انور کا خصوصی پیغام برموقع جلسہ سالانہ جارجیا مرکزی نمائندہ نے انگریزی زبان میں پڑھا۔
بعد ازاں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’ہمارا بہشت ہمارا خدا ہے‘‘ از حافظ اطہر محمود صاحب صدر و مبلغ سلسلہ جماعت آذربائیجان، ’’اسلام اور طب‘‘ از لبیب احمد صاحب متعلم میڈیکل یونیورسٹی جارجیا اور ’’ خلافت ۔ روحانی ترقی کی ضامن ‘‘ از خاکسار( مربی سلسلہ جارجیا)۔ تقاریر کے درمیان مختلف ویڈیوز ’motivational words‘ کے نام سے دکھائی گئیں۔ یہ اجلاس دو گھنٹے قال اللّٰہ و قال الرسول سے احباب جماعت کے ایمانوں کو معطر کرنے کے بعد اپنے اختتام کو پہنچا۔
دوسرا اجلاس:دوسرا اجلاس اگلے روز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے شروع ہوا۔ بعد ازاں صدر صاحب جماعت جارجیا نے ’’میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاوٴں گا‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ بعدہٗ حضور انور کی شفقت اور منظوری کے ساتھ جماعت احمدیہ جارجیا کو اپنی پہلی ویب سائٹ کا افتتاح کرنے کی توفیق ملی۔ خاکسار نے شاملین جلسہ کے سامنے اس ویب سائٹ کا تعارف پیش کیا۔ اس ویب سائٹ میں جارجین زبان میں اسلام، احمدیت اور پروگراموں کے بارے میں معلومات ہیں۔ اسی طرح احباب جماعت کے لیے نمازوں کے اوقات بھی پہلے صفحہ پر موجود ہیں۔ اور دیگر زبانوں کے لیے الاسلام ویب سائٹ کا بھی حوالہ موجود ہے۔ مختلف پروگراموں کی تصاویر اور دیگر کتب جن کا جارجین زبان میں ترجمہ کیا جاچکا ہے وہ بھی اس ویب سائٹ سے ڈاؤنلوڈ کیے جا سکتے ہیں۔
مرکزی نمائندہ اور صدر صاحب جماعت جارجیا نے اس ویب سائٹ کا افتتاح کیا اور بعد ازاں ایک ویڈیو دکھائی گئی جس میں ۲۰۱۸ء سے ۲۰۲۳ء تک جماعت جارجیا کی ترقیات کے بارے معلومات شامل تھیں۔ ویب سائٹ کا لنک یہ ہے: www.ahmadiyya.ge۔
اس کے بعد تقاریر کا سلسلہ جاری رہا: حافظ عبد الباسط صاحب متعلم میڈیکل یونیورسٹی جارجیا نے ’’حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی تحریرات پر اعتراضات کے جوابات‘‘ اور مکرم احمد فراز صاحب صدر و مشنری انچارج جماعت لتھوانیا نے ’’آگ ہماری غلام بلکہ غلاموں کی غلام ہے‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ آخر پر مرکزی نمائندہ نے اختتامی تقریر کی۔
دوسرے جلسہ سالانہ جارجیا میں پانچ ممالک سے نمائندگی ہوئی اور اس طرح کُل حاضری ۳۸؍ تھی۔ درج ذیل ممالک سے مہمان تشریف لائے تھے: لتھوانیا، جرمنی، یوکے، قزاقستان اور آذربائیجان۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جلسہ کی ریکارڈنگ اور تصاویر سوشل میڈیا پر شائع کرنے میں ایم ٹی اے انٹرنیشنل جرمنی سٹوڈیوز نے بہت فعال کام کیا۔ کھانا تیار کرنے والی ٹیم نے وسیم احمد صاحب کی زیر نگرانی بڑی محنت سے اپنی ڈیوٹی سرانجام دی۔ اللہ تعالیٰ ان کو اس کی بہترین جزا عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: ہارون احمد عطاء۔ مربی سلسلہ جارجیا)