جلسہ سالانہ

اکتیسواں جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ ڈنمارک کا کامیاب انعقاد

(نعمت اللہ بشارت۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ڈنمارک)

٭… جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام

٭…مختلف علمی و تربیتی موضوعات پر علمائے سلسلہ کی تقاریر

٭… کُل ۳۳۴؍احباب جماعت کی شمولیت

اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال جماعت احمدیہ ڈنمارک کا اکتیسواں جلسہ سالانہ مورخہ یکم و ۲؍جون۲۰۲۴ء کو کوپن ہیگن میں مسجد نصرت جہاں میں منعقد ہوا۔

جلسہ گاہ کی تیاری و تزئین : جلسے کی تیاری کے سلسلہ میں مسجد نصرت جہاں کے ماحول کی خصوصی صفائی اور تزئین کے لیے کئی وقار عمل منعقد ہوئے جن میں ہر عمر کے مردووزن اور بچوں نے بھر پور اوردلی شوق و جذبہ سے حصہ لیا۔ الحمدللہ کہ مسجد اور جلسہ گاہ کے ماحول کی صفائی اور تزئین و آرائش ہر مہمان کے لیے جاذب نظر تھی۔ جلسے کی ضروریات کے مدنظرچار شامیانے نصب کرنے کے علاوہ خواتین کی سہولت کے لیے نصرت ہال کے علاوہ ایک کمیونٹی سینٹر کرایہ پر حاصل کیا گیا تاکہ حضرت مسیح موعودؑ کے مہمانوں کے لیے ہر ممکن سہولت مہیا کی جاسکے۔

تقریب پرچم کشائی:یکم جون گیارہ بجے صبح پرچم کشائی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ مکرم محمد زکریا خان صاحب امیر و مشنری انچارج ڈنمارک نے لوائے احمدیت اور مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مشنری انچارج فن لینڈ نے ملکی پرچم لہرایا۔ مکرم امیر صاحب نے اجتماعی دعا کروائی جس کے بعد ناصرات الاحمدیہ نے ترانے پیش کیے۔

افتتاحی اجلاس:ٹھیک سوا گیارہ بجے امیر صاحب کی زیر صدارت افتتاحی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں جلسہ سالانہ ڈنمارک کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے موصول ہونے والا خصوصی پیغام مکرم امیر صاحب نے پڑھ کر سنایا اور احباب کو تلقین کی کہ وہ اس پیغام پر کماحقہ عمل پیرا ہوں۔

ایک نظم کے بعد مکرم امیر صاحب نے اپنی افتتاحی تقریرمیں انسان کی جسمانی اور روحانی پیدائش کے حوالے سے وہ طریق بیان فرمائے جن کے ذریعہ انسان شیطان کو شکست دے کر اپنی تخلیق کے مقصد کو پورا کرسکتاہے۔یعنی نماز، روزہ، زکوٰۃ،حج اور ایسی نیک مجالس میں شامل ہونا جن کے شاملین کے لیے احادیث میں بخشش کا وعدہ ہے۔نیز آپ نے تمام شاملین کو جلسے کی برکات سے بھر پور استفادہ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے تمام تقاریر کو بغور سننے اور ان پر عمل کرنے کی طرف توجہ دلائی اور دعا کروائی۔

اس اجلاس کے دوسرے حصے کی کارروائی رضوان افضل صاحب مبلغ سلسلہ لولیو، سویڈن کی صدارت میں شروع ہوئی جس میں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’ایک کامیاب ازدواجی زندگی‘‘ از محمد اکرم صاحب مبلغ سلسلہ ڈنمارک اور ’’مالی قربانی ‘‘ از خاور احمد صاحب نیشنل سیکرٹری مال۔

اجلاس دوم:وقفہ برائے نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کےبعد تین بجے اجلاس دوم مکرم مصورا حمد شاہکار صاحب مبلغ انچارج ناروے کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے شروع ہوا۔ اس کے بعد فلاح الدین ملک صاحب مبلغ سلسلہ Aarhus ڈنمارک نے حضورا نور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خصوصی پیغام کا ڈینش ترجمہ پیش کیا جس کے بعد ایک نظم پیش کی گئی۔ اس اجلاس کی ساری کارروائی ڈینش زبان میں ہوئی جس میں تین تقاریر ہوئیں: ’’ڈینش میڈیا میں اسلام احمدیت کے مثبت اثرات‘‘ از عماد الدین ملک صاحب، ’’اسلام میں اخلاق حسنہ‘‘ از فلاح الدین ملک صاحب مبلغ سلسلہ اور ’’ڈینش ترجمہ قرآن کی اشاعت اور تبلیغ اسلام و احمدیت‘‘ از خاکسار (مربی سلسلہ)۔

اجلاس سوم:جلسے کے دوسرے روز کا پہلا اجلاس مشنری انچارج صاحب فن لینڈ کی صدارت میں ساڑھے گیارہ بجے صبح تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے شروع ہوا۔ بعد ازاں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’اطاعت نظام کی اہمیت‘‘ از رضوان افضل صاحب مربی سلسلہ سویڈن، ’’شہدائے احمدیت‘‘ از مصور احمد شاہکار صاحب مشنری انچارج ناروے اور ’’قبولیت دعا کے ایمان افروز واقعات‘‘ از صدر اجلاس۔

اختتامی اجلاس:جلسے کے اختتامی اجلاس کی کارروائی کا آغاز مکر م امیر صاحب کی زیر صدارت نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد دو بج کر پچاس منٹ پر تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ بعدہٗ مکرم امیر صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خصوصی پیغام ایک بار پھر پڑھ کر سنایا اور احباب جماعت کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی تمام ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔ اس کے بعد ایک نظم پیش کی گئی۔ اپنی اختتامی تقریر میں امیر صاحب نے خدا تعالیٰ کی ہستی پر کامل ایمان اور اس کے تمام حکموں پر کماحقہ عمل کرنے اور خدا تعالیٰ سے پختہ تعلق پیدا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ آخر میں آپ نے تمام کارکنان و کارکنات جلسہ، شاملین جلسہ اور دیگر ممالک سے تشریف لانے والے مہمانوں اور نارڈک ممالک سے تشریف لانے والے مبلغین کرام کا شکریہ ادا کیا جو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ازراہ شفقت اجازت سے بطور مہمان مقرر اس جلسے میں شامل ہوئے۔ جلسے کا اختتام اجتماعی دعا سے ہوا۔

جلسے میں حاضری اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۳۳۴؍ تھی جس میں سویڈن، امریکہ اور جرمنی سے بھی بعض مہمان اس جلسے میں شامل ہوئے۔ الحمدللہ کہ یہ جلسہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہر لحاظ سے بہت کامیا ب رہا۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو ان نعمتوں اور دعاؤں کا وارث بنائے جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے جلسے میں شامل ہونے والوں کے لیے خدا تعالیٰ کے حضور کی ہیں اور ہم سب کو حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے تمام ارشادات پر کماحقہ عمل کرنےکی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(رپورٹ: نعمت اللہ بشارت۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button