متفرق شعراء

فضائلِ جمعہ

دنوں میں ہے افضل، یہ جمعے کا دن

ہے نورانی مشعل، یہ جمعے کا دن

ہے تخلیقِ آدمؑ پہ یہ مشتمل

اُسی کا ہے حاصل، یہ جمعے کا دن

ہے اعلیٰ و اکمل، یہ جمعے کا دن

دنوں میں ہے افضل، یہ جمعے کا دن

فضیلت الگ ہی عطا ہے اسے

نوشتوں نے ایسا لکھا ہے اسے

قیامت ہے برپا یہ ہونے کا دن

حواس اپنے سارے یہ کھونے کا دن

مچے گی جو ہلچل، یہ جمعے کے دن

دنوں میں ہے افضل، یہ جمعے کا دن

گھڑی اس میں اک خاص آتی ہے جو

دعا کو فلک پر اُٹھاتی ہے جو

تلاش اس گھڑی کو دعاؤں میں کر

ہے وقت عصر کا، وہ مبارک پہر

ہے اس کا بھی حامل یہ جمعے کا دن

دنوں میں ہے افضل، یہ جمعے کا دن

سبھی فیصلے ہوں گے، اس روز پھر

اُٹھے گا الم ناک، اک سوز پھر

جو نیکوں بدوں کو نمایاں کرے

کہ جاری خدا کا وہ فرماں کرے

حَکَم ہے یہ عادل، یہ جمعے کا دن

دنوں میں ہے افضل، یہ جمعے کا دن

نوازے گا اس کو خدائے ودود

جو بھیجے گا اس دن نبی پر درود

کہ وہ پیش ہو گا نبی کے حضور

فرشتے اُتاریں گے اس پر وہ نور

بھرے گا جو چھاگل یہ جمعے کے دن

دنوں میں ہے افضل، یہ جمعے کا دن

تجارت کو چھوڑو، کہ جمعہ پڑھو

ہے حکمِ خدا یہ عمل اس پہ ہو

مصائب سے بچتا رہے گا سدا

امامت کے سائے میں جو بھی چلا

ہے ایسا مکمّل یہ جمعے کا دن

دنوں میں ہے افضل، یہ جمعے کا دن

(قدسیہ نور فضا)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button